ویکسی نیشن نہ کروانے والے افراد خبردار ہو جائیں، سعودی حکومت نے ویکسینیشن نہ کرانیوالوں پر تجارتی اداروں، شاپنگ سینٹرز اور مالز میں داخل ہونے پہ پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں یکم اگست 2021 بروز اتوار سے ویکسینیشن نہ کرانے والوں کو تجارتی اداروں، شاپنگ سینٹرز اور مالز میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔
یہ بات سعودی عرب کی وزارت تجارت کے ترجمان نے بتائی ہے۔نجی ٹیلی ویژن چینل نے خلیجی ویب سائٹ کے حوالے سے بتایا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت تجارت کے ترجمان نے اتوار کو ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ یکم اگست سے ضروری ہوگا کہ مالز میں آنے والوں کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ کورونا ویکسین کی ایک یا دو خوراک لے چکے ہوں اور یا کورونا وائرس سے صحتیاب ہو چکے ہوں۔
اس کی باقاعدہ تصدیق توکلنا ایپ کے ذریعے کی جائے گی۔سعودی عرب کی وزارت تجارت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس پابندی سے وہ لوگ مستثنیٰ ہوں گے جنہیں عمر یا صحت مسائل کی وجہ سے کورونا ویکسین لینے کے پابند نہیں ہیں۔ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ایسی چار سرگرمیاں جن کی وجہ سے تجارتی مراکز کے اندر یا باہر بھیڑ ہوتی ہے وہ اب بھی ممنوعہ ہیں۔ان سرگرمیوں میں سوشل میڈیا کی شخصیات اور اشتہاری مہم، دکانوں اور بازاروں کے افتتاح کی تقاریب، ایسے تجارتی مسابقے جن میں صارفین کی شرکت ضروری ہو اور مصنوعات یا خدمات کے افتتاح کی تقاریب شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا ویکی نیشن کے عمل کو کافی تیز کر دیا گیا ہے، اب تک 1 کروڑ 40 لاکھ افراد کو ویکسین لگا دی گئی ہے۔ اس حوالے سے سعودی عرب کے وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ’العربیہ‘ چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک مملکت میں کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے والے شہریوں کی تعداد 14 ملین سے تجاوز کرگئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ویکسین کی دوسری خوراک کے لیے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
جیسے ویکسین وافر مقدار میں ذخیرہ ہوئی شہریوں کو لگوانے کا عمل شروع ہوجائے گا۔چند روز قبل سیکرٹری صحت ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے بتایا تھا کہ کرونا ویکسین کی دوسری خوراک موخر کی گئی ہےتاکہ پہلی خوراک کے مثبت نتائج سامنے آسکیں اور ویکسین لگوانے والے افراد کے جسم میں درکار قوت مدافعت کا پتا چلایا جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں خوراکوں کے درمیان کوئی مثالی مدت نہیں ہوسکتی۔