برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
مالی طور پر ابھی مشکلات کا سامنا ہے اور کسی بھی جانب سے کوئی سلسلہ بھی بنتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا۔ یہ کیفیت شائد ابھی مزید چند روز اور برقرار رہے، آپ صبر سے کام لیں، جو مل رہا ہے، اس کا شکر ادا کریں ،چند دنوں کے اندر جب وقت آئے گا تو غیبی انداز سے سلسلے بھی بن جائیں گے۔ اس وقت خانگی امور میں لڑائی جھگڑوں سے بھی دور رہنے کی کوشش کریں، بلا وجہ بڑا مسئلہ بن سکتا ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
ایک اہم کام کی ابتداءکا وقت ہے اب امید ہے کہ آپ کو اچھی اور غیر متوقع بہتری کی صورت حال کا سامنا ہے، اس کا پورا فائدہ اٹھانا آپ کی حکمت عملی پر منحصر ہوگا۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بے روز گار تھے وہ ان شاءاللہ کام پر لگ جائیں گے، ملازمت پیشہ افراد کے تبادلے کا امکان و ترقی کا چانس بھی ہے اور بعض افراد نوکری چھوڑ کر اچھی آفر کی جانب بھی پیش قدمی کر سکتے ہیں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
ان دنوں گھریلو ماحول قدرے ٹینشن کا شکار ہے ،آپ جس بھی بات کو ٹھیک کرنے کی کوشش کریں گے وہ مزید خراب ہو سکتی ہے ،جو لوگ چند دن خاموشی اختیار کریں گے وہ ان شاءاللہ اس سے بچ جائیں گے، ویسے مخالفین پوری شدت سے اپنی سرگرمیوں میں لگے ہوئے ہیں، صدقہ دیں سورة حشر کی آخری تین آیات صبح و شام پڑھ کر گھر سے نکلا کریں۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ قرض وغیرہ کے حوالے سے جس قدر پریشان تھے، اللہ پاک سے بڑی امید ہے کہ اس کا سلسلہ بن جائے گا اور کاروباری حضرات کو خاص طور پر فائدہ ہوگا۔ اس وقت کی قدر کریں، مٹی میں بھی ہاتھ ڈالیں گے تو وہ سونا بن جائے گی اور اگر آپ نے اپنے پتے شاندار انداز سے کھیلے تو پھر وارے نیارے ہو جائیں گے۔ البتہ عشق و محبت میں ناکامی کا سامنا ہوسکتا ہے۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
حالات کی خرابی کے کافی حد تک ذمہ دار خود آپ بھی ہیں۔ اللہ پاک سے سچے دل سے توبہ کر کے سیدھے راستے پر آ جائیں تو صورت حال بدل جائے گی۔ جو لوگ اس وقت کو ضائع کر دیں گے، ان کے پاس صرف پچھتاوا ہوگا اور جن افراد نے رسک لے کر کام کر لیا، وہ مالا مال بھی ہو سکتے ہیں۔ بڑی ذمہ داری و ٹینشن میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ جس کوشش میں لگے ہوئے ہیں اس میں ابھی آپ کے ہاتھ کچھ نہیں آنا۔ بہتر ہے اللہ کا نام لے کر کسی اور جانب کوشش کر کے دیکھ لیں، امید ہے کہ اس میں کامیابی مل سکتی ہے۔ جو لوگ روزگار کی تلاش میں ہیں، وہ کامیاب ہوں گے، وراثت کی تقسیم کے معاملات بھی طے ہوں گے اور رہائش وغیرہ کی تبدیلی کے مراحل سے بھی شاید گزرنا پڑے ۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
صحت کا خانہ بے حد کمزور ہے، اس طرف توجہ دیں، پرہیز اور چہل قدمی علاج سے بہتر ہے ،بہر حال صدقہ بھی بے حد ضروری ہے۔ جو لوگ کسی کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، وہ خود کو اکیلا کر لیں تو زیادہ بہتر رہے گا۔ ان دنوں اپنے مال کی حفاظت بھی کریں اور جن عزیزوں کی شہرت پہلے سے ہی اچھی نہیں ہے، ان سے جس قدر ممکن ہو دور رہنے کی کوشش کریں، ورنہ مسئلہ ہو سکتا ہے۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ کو اپنا صدقہ دینا چاہئے اور اپنے روحانی معاملات ٹھیک رکھ کر چلیں گے تو زیادہ بہتر ہے۔ اس کا سب سے اچھا سلسلہ نماز ہی ہے ،دوسرا اپنے رزق کے تمام معاملات کو چیک کریں۔ رزق حلال عین عبادت ہے یہ خیال رہے، ورنہ سخت مشکل میں آ جائیں گے۔ ملازمت کرنے والے خاص خیال رکھیں اور ذہن نشین رہے کہ اللہ نے جس قدر نصیب میں لکھا ہے ،وہی ملے گا۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
آپ کی ایک بڑی ضرورت ان شاءاللہ پوری ہو گی۔ جو لوگ کسی بھی امید کو دیکھ رہے ہیں، وہ بھر آئے گی اور یہ ہفتہ اولاد کے معاملات میں بہتری اور مستقبل کے حوالے سے بھی اہم ہو سکتا ہے۔ جن افراد نے بیرون ملک سفر کرنا ہے، وہ اب تیاری کر لیں، کسی وقت بھی خوشی کی خبر آ سکتی ہے، بیماری جس قدر بھی پرانی کیوں نہ ہو، میرے اللہ نے چاہا تو اب یہ ٹھیک ہوجائے گی۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
اب حالات غیر متوقع انداز سے بدل رہے ہیں، جو لوگ کسی بھی مشکل میں مبتلا تھے، اب اس سے نکل جائیں گے ،برسوں کے بعد تقدیر اس انداز سے مہربان ہو رہی ہے، آپ کو اس کی قدر کرنی چاہئے۔ حکمت عملی اور محنت پر توجہ رہی تو کمال انداز سے فائدے ملیں گے۔ پراپرٹی کے حوالے سے بھی یہ ہفتہ مدد گار ثابت ہوگا۔ ان دنوں بس غصہ کم سے کم کرنے کی کوشش کریں۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
آپ جس بھی مسئلے کا شکار ہیں، مکھن میں سے بال کی طرح نکل جائیں گے، آج سے ہی پریشانیوں کا ایک دور ختم ہو جائے گا۔ حالات اس طرح بدلیں گے کہ عقل اس کو تسلیم ہی نہیں کرے گی، مگر اپنوں میں سے مخالفت کاسلسلہ بھی جاری ہے، آپ اپنے دل کی باتیں کسی سے بھی نہ کریں ورنہ بعد میں سب آپ کے سامنے طعنہ بن کر آ جائیں گی۔ شاید پھر کچھ افراد سے دوری بھی ہو جائے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
اب آپ کو غصے کی بجائے اپنی عقل سے کام لینا ہوگا۔ چند دن خاموشی سے گزارنے ہوں گے۔ اس بات کا شک ہے کہ کسی جکڑن کا شکار ہیں، آپ استخارہ کر لیں یا پھر صدقہ دیں اور کسی غریب کے گھر راشن وغیرہ ڈال دیں تو اچھا رہے گا۔ جن افراد نے نوکری کی تلاش شروع کر رکھی ہے، ان کو خوشخبری ملے گی اور جن لوگوں کو کسی طرف سے پیسہ آنے کی امید تھی وہ پوری ہو گی۔