برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

صورت حال جس قدر چاہے خراب محسوس ہو، مگر میرے اللہ کے حکم سے کسی بھی قسم کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ اپنے دماغ سے ہر طرح کے وہم کو نکال دیں اور دل لگا کر روزگار اور اپنے گھر پر توجہ دیں، تاکہ آنے والے دنوں سے فائدہ اٹھایا جا سکے، کیونکہ مشتری زائچے میں آ رہا ہے، جو آپ کے لئے ان شاءاللہ تمام معاملات میں آسانیاں پیدا کر دے گا اور سابقہ نقصانات کا ازالہ بھی ہو سکے گا۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

پراپرٹی کے حوالے سے بھی کوئی بڑا فیصلہ ہو سکتا ہے اور وراثت کے امور جو عرصہءدراز سے ایک جگہ رکے ہوئے تھے، ان میں اہم پیش قدمی بھی ہو سکے گی۔ ان دنوں کاروباری حضرات اپنے کام پر خاص توجہ دیں، امید ہے کہ اب صورت حال تیزی سے بدل کر آپ کے حق میں ہو جائے گی اور جس طرف سے خطرات محسوس ہو رہے تھے وہ بھی ختم ہو سکیں گے، جو لوگ عرصہءدراز سے بیمار ہیں ،وہ صدقہ ضرور دیں۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

آپ جس بات کو لے کر پریشان ہیں، اس میں کچھ ایسا نہیں ہے جو ٹینشن کا سبب بن سکے۔ اللہ پاک کا نام لے کر اپنے مقاصد کی جانب پیش قدمی کریں تاکہ آپ کو اس میں کامیابی حاصل ہو سکے۔ جو لوگ اولاد کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہے تھے۔ اب وقت آ گیا ہے ان کے مستقبل کے حوالے سے قدم اٹھا لینا چاہیے ،آپ کو مکمل قدرتی وسائل ملیں گے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ کو اپنے تمام حالات اور اپنی حرکتوں کا جائزہ لینے کی فوری ضرورت ہے، کسی جگہ تو کوئی گڑ بڑ ہے جو وجہ پریشانی و رکاوٹ بنی ہوئی ہے، جب اس کو دور کریں گے تو سب کچھ خودبخود دور ہو جائے گا ،ان دنوں مال کا خانہ بھی کھل رہا ہے، اللہ نے چاہا تو آپ کی سب ضرورتیں پوری ہوتی جائیں گی۔ مکمل توکل سے کام لینا ہے اور باوضو رہنے کے علاوہ یا حیٰ یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

جو لوگ کسی کی باتوں میں آکر اپنی پوزیشن کو تبدیل کرنے کی کوشش کریں گے، وہ شائد غلطی پر ہوں۔ ایسا کرنا مناسب نہیں، اللہ پاک سے دعا کریں، وہ آپ کو موجودہ جگہ ہی فائدہ دے دیں۔ ان دنوں گھر کے حالات پر گہری نظر رکھنے کی ضرورت ہے، ان میں اپنا کردار بھی ادا کریں، غصے کے بجائے عقل سے کام لیں، سارے معاملات ٹھنڈے مزاج سے ہی ٹھیک ہوں گے۔ آپ جلد بازی میں کوئی قدم نہ اٹھائیں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

اللہ پاک مہربانی فرمائے گا۔ آپ کسی بھی بات سے اتنے پریشان نہ ہوں جو راستے بند تصور ہو رہے ہیں وہ اب جلد کھل جائیں گے، بس صبر سے کام لیں۔ ان دنوں آپ کو جس طرف سے بھی کوئی آفر آئے اس کو قبول کر لیں اور دور اندیشی سے کام لیں۔ ان دنوں اندرون خانہ مخالفت والا خانہ کھلا ہوا ہے، آپ اپنی حفاظت کریں اور خاموشی اختیار کریں، اس جگہ سے پیچھے ہٹ جائیں تو آپ کے حق میں بہتر ہے۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

صحت کا صدقہ بے حد ضروری ہے اور روزگار پر توجہ کا وقت بھی ہے۔ آپ کی کوشش ان شاءاللہ بڑا رنگ لائے گی اور سب راستے کھلتے چلے جائیں گے۔ ان دنوں مال خانہ تیزی سے کھل رہا ہے۔ جہاں قرض ادا ہوگا، وہاں آپ کے سابقہ نقصانات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ کاروباری حضرات کو بھی فائدہ ہوگااور نوکری کرنے والوں کی بھی من پسند جگہ تبادلے کا امکان ہے، ترقی کے مواقع نصیب ہو سکتے ہیں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

کسی بھی معاملے کے حوالے سے پریشان نہ ہوں، اللہ نے چاہا تو آپ اس میں سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے اور جتنی بھی رکاوٹیں ہیں وہ سب دور ہو جائیں گی۔ ان دنوں آپ کا ستارہ بڑی اچھی پوزیشن کی جانب سفر کررہا ہے۔ آپ کو چاہیے کہ اب مستقبل کا کوئی پلان بنا لیں تاکہ بعد میں جلد بازی نہ کرنا پڑے۔ جو لوگ کسی بندش میں مبتلا ہیں، وہ اب ان شاءاللہ خود کو آزاد سمجھیں۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

آپ کو اس ہفتے میں اپنے کاموں کو سیدھا کرنے کے لئے تھوڑی سی محنت کرنا پڑے گی جس طرح سے بھی ممکن ہو ایمانداری سے کام لیں اور توکل کا دامن ہاتھ سے مت چھوڑیں۔ جو لوگ کسی بھی شخص سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیں، وہ شروع کر سکتے ہیں اور عرصہءدراز سے شادی کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کے لئے بھی خوشی کی خبر ہے۔ آپ کو اپنے لئے بہت سے معاملات میں، ان شاءاللہ آسانیاں ہی نصیب ہوں گی۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

آپ اگر ملازمت پیشہ ہیں تو تبدیلی میں آئے ہوئے ہیں اور کاروباری حضرات بھی نئے کام کے بارے میں غور و فکر کر سکتے ہیں۔ بندش، جادو ٹونے وغیرہ جیسی اب کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو آپ کو تنگ کر سکے۔ اب کھل کر اپنے مقاصد کی جانب قدم بڑھائیں، ان شاءاللہ کامیابی ملے گی۔ جو لوگ عرصہءدراز سے بے روزگار تھے، خوشخبری سن سکیں گے۔ ایک بہت بڑا کام بحکم اللہ وہ بھی غیبی انداز سے ہوگا۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

حالات اتنے خراب نہیں ہیں، جس قدر آپ سمجھ رہے ہیں۔ آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ بس حسب توفیق روزانہ اپنا صدقہ دے دیا کریں، ان شاءاللہ کچھ بھی خراب نہیں ہوگا۔ ان دنوں مالی معاملات کمزور ضرور ہیں، مگر چند دنوں میں امید ہے کہ صورت حال بدل جائے گی۔ آپ کو اگر اس وقت فوری رقم کی ضرورت ہے تو آپ کو غیبی انداز سے اس کا بندوبست ہوتا ہوا نظر آئے گا۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

صحت کا صدقہ ضرور دیں اور زبان بھی قابو میں رکھیں، اپنے عزیزوں سے جھگڑا کرنے سے بچیں، اس وقت آپ ویسے ہی بالکل اکیلے ہیں ،مزید مسئلے پیدا ہو جائیں گے۔ ان دنوں اپنی حفاظت کریں ”یا کریم یا سلام “ 1000مرتبہ دن میں پڑھ لیا کریں اور ابھی کسی کام میں پیسہ مت لگائیں، چند دن صبر سے چلیں، خود بخود حالات آپ کے سامنے آ جائیں گے، وہی آپ کے حق میں ہوں گے۔