لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بلغاریہ کی معروف آنجہانی نجومی خاتون باباوانگا نے آئندہ کئی دہائیوں کے متعلق پیش گوئیاں کر رکھی ہیں۔ ماضی میں ان کی کئی پیش گوئیاں من و عن درست ثابت ہوچکی ہیںجن میں بابا وانگا کے ماننے والوں کے مطابق شہزادی ڈیانا کی موت، سوویت یونین کے انہدام، مشرقی و مغربی جرمنی کے اتحاد اور نائن الیون کے حملے سمیت دیگر پیش گوئیاں شامل ہیں۔ اب 2022ءکے لیے کی گئی بابا وانگا کی کچھ پیش گوئیاں بھی منظرعام پر آ گئی ہیں۔

ڈیلی سٹار کے مطابق باباوانگا نے پیش گوئی کر رکھی ہے کہ آسٹریلیا اور ایشیائی ممالک کو 2022ءمیں سیلاب اور زلزلوں کا سامنا ہو گا اور بڑی تعداد میں لوگ موت کے منہ میں چلے جائیں گے۔ بابا وانگا نے 2022ءمیں کورونا وائرس کی طرح کی ایک نئی وباءپھیلنے کی پیش گوئی بھی کر رکھی ہے۔ ان کے مطابق یہ مہلک وائرس سائبیریا میں دریافت ہو گا اور تیزی سے لوگوں میں پھیلے گا۔ اس کا تدارک کرنے میں ماہرین کو بہت وقت لگ جائے گا۔

بابا وانگا نے اس کے علاوہ 2022ءمیں ایک طرف فصلوں پر ٹڈی دل کے حملے کی پیش گوئی بھی کر رکھی ہے اور دوسری طرف بتا رکھا ہے کہ اس سال خلائی مخلوق بھی زمین پر آئے گی اور ممکنہ طور پر انسانوں پر حملہ آور ہو گی۔ بابا وانگا کے مطابق یہ خلائی مخلوق اومواموا نامی ایک سیارے سے زندگی کی تلاش میں زمین پر آئے گی۔

بابا وانگا نے 2022ءمیں دنیا میں پینے کے پانی کی قلت ہو جانے کی بھی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی ایک یہ پیش گوئی بھی ہے کہ لوگ پہلے ہی ٹیکنالوجی کے بہت زیادہ عادی ہو چکے ہوں گے اور 2022ءمیں ان کی یہ عادت بڑھتے ہوئے ایک ذہنی مرض بن جائے گی اور وہ ٹیکنالوجی کے غلام بن کر رہ جائیں گے۔