برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ آج کل جن معاملات کا شکار ہیں، وہ اس طرح حل نہیں ہوں گے جس طرح آپ چاہتے ہیں۔ اس کے لئے دعا اور پھر حکمت ِعملی سے کام لینے کی اشد ضرورت ہے۔ صورتِ حال ابھی اتنی خراب نہیں ہے، جس قدر آپ سمجھ رہے ہیں۔ اس ہفتے مالی حوالے سے ان شاءاللہ بہتری کا امکان ہے۔ وراثتی امور میں پیش رفت ہو سکتی ہے اور خانگی امور میں جاری کشیدگی میں بھی کمی کا امکان ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

مالی طور پر ان دنوں سخت مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔آپ کو اور کوئی بھی راستہ دکھائی نہیں دے رہا، اس لئے ابھی انتظار کرنا ہوگا۔ میرا اللہ خودبخود کوئی اسباب پیدا فرما دے گا اور آپ کو اس مشکل سے ضرور نکال دے گا، بس آپ تھورا سا اپنے مزاج کو بدلیں۔جہاں غلطیاں ہوئی ہیں، ان کی اصلاح کریں اور اپنے اللہ کے حضور معافی بھی مانگیں۔ وہ بڑا معاف اور در گزر کرنے والا ہے۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

شوق کو آج کل ایک طرف رکھیں اور موبائل کی دنیا سے باہر آ جائیں، زندگی میں اور بھی بہت کچھ ہے کرنے کو۔ آپ ماسوائے وقت ضائع کرنے کے اور کچھ بھی نہیں کر رہے۔ ان دنوں آپ کو جو آفر ملے، اس پر غور کریں اور موجودہ کام میں دلچسپی لیں۔ اس کو بدلنے کی ابھی کوشش نہ کریں تو اچھا ہے۔ جو لوگ بندش وغیرہ محسوس کر رہے ہیں، ان شاءاللہ وہ اس سے آزاد ہوں گے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ آج کل جس چکر میں ہیں، وہ فی الحال پورا نہیں ہوگا، اس لئے اس طرف سے باز آ جائیں تو اچھا ہے۔ جو لوگ ان دنوں خاص طور پر اپنے روزگار پر توجہ دیں گے وہ بڑا فائدہ حاصل کر سکیں گے۔ اس وقت تو کسی جانب سے آفر ملنے کا امکان، بلاک رقم کی واپسی اور عزت میں اضافہ متوقع ہے۔ سفر کا خانہ بھی اب کھل رہا ہے۔ امید ہے، خواہشمند افراد کی خواہش پوری ہو سکے گی۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

جن افراد نے اپنے روز گار میں تبدیلی کرنی ہے وہ قدم اٹھا سکتے ہیں اور اپنے مالی معاملات کو بحکم اللہ ٹھیک کر سکتے ہیں۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بے کار تھے، وہ بھی کام پر لگ جائیں گے۔ آپ کی صحت کا خانہ البتہ کمزور ہے، اس پر توجہ کریں اور صدقہ دیں۔ خواتین خاص طور پر اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ جن افراد کو کسی بھی قسم کی بندش کا سامنا ہے، وہ اس سے جلد نجات پا لیں گے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

خواہشمند افراد کو روز گار کے اچھے مواقع ملنے کا امکان ہے اور بعض اپنی پوزیشن کو تبدیل بھی کر سکتے ہیں۔ اس وقت آپ اللہ پاک کا نام لے کر جس بھی کام میں ہاتھ ڈالیں گے اس کے ہونے کا چانس موجود ہے ؛البتہ صحت کا سلسلہ ابھی کافی کمزور ہے۔ اچھی خاصی توجہ کی ضرورت ہے۔ آپ سورة القلم کی آخری دو آیات بھی پڑھیں اور صدقات بھی دیتے رہیں۔ دل میں کسی کے لئے بھی غصہ نہ رکھیں۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

چھوٹی موٹی باتوں سے ہروقت پریشان رہتے ہیں۔ اپنے معاملات اللہ پاک پر چھوڑتے ہی نہیں۔اس وقت ضرورت صرف توکل کی ہے جس کی آپ میں شدید کمی ہے ۔جو رزق آپ کے لئے اللہ نے لکھا ہے، ان شاءاللہ وہ آپ تک پہنچ کر ہی رہے گا، فکر مند نہ ہوں۔ اس مالک سے دعا کریں، وہ سارے راستے صاف کر دے گا اور آپ کو مشکل سے نکال دے گا، بس خانگی معاملات سے دُور رہیں ۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

کسی انجانی سی بد نظری و بندش کا شکار ہو سکتے ہیں اور جن امور میں رکاوٹیں آ رہی ہیں، وہ بھی شاید اسی کا نتیجہ ہیں۔ ان دنوں گھریلو ماحول میں کشیدگی بھی ہو سکتی ہے اور آپ کو مخالفین سے کچھ خطرہ بھی رہے گا۔ آپ نے بڑے محتاط انداز سے چلنا ہے۔ آپ کی طرف سے کوئی بھی لاپروائی نہ ہو تو اچھا ہے ورنہ مخالفین اس کا پورا پورا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سورة الحشر کی آخری تین آیات صبح و شام پڑھیں۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

یہ ہفتہ کافی عرصے کے بعد آپ کے لئے بڑی امیدیں اور خوشیوں کا پیغام لے کر آ رہا ہے۔ جو کام رکاوٹوں کا شکار تھے، اب وہ رکاوٹیں دور ہونے کا بڑا امکان ہے۔ مالی طور پر خاص طور پر بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔ آپ کو جو نقصانات ہوئے ہیں ،ان کا ازالہ بھی ہو سکے گا۔ جو لوگ عرصہ دراز سے بیمار تھے، تیزی سے شفاءکی جانب بڑھ سکتے ہیں ۔ان کو راشن کی صورت میں صدقہ دینے کا بھی مشورہ ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

دل لگی دل کی لگی نہ بن جائے ،اس بات کا خاص خیال رکھیں۔ آپ کو وارننگ ہے ،جتنی جلدی ہو سکے اپنے معاملات کو سیدھا کر لیں اور کوشش کریں کہ کوئی ایسا کام نہ ہو جو بدنامی کی وجہ بن جائے ۔ ان دنوں اپنے ہوں یا غیر کوئی آپ کی بات نہیں سنے گا۔ جن کے لئے ماضی میں بہت قربانیاں دی ہیں، وہ بے وفائی دکھائیں گے اور آپ کو ہر صورت میں غلط ثابت کرنے کی کوشش کریں گے ،اس لئے ان سے دُور رہیں۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

آپ کا ایک خراب مسئلہ میرے اللہ نے چاہا تو سیدھا ہو جائے گا اور راستے کی بڑی رکاوٹ بھی دُور ہو گی۔ جن افراد نے اپنے کام کو بدلنا ہے، وہ اللہ پاک کا نام لے کر کوشش کر سکتے ہیں، ان کو کامیابی ملے گی اور اولاد کے حوالے سے بھی اچھی خبر ملنے کا امکان ہے۔ تعلیمی معاملات میں بہتری اور ایک بند راستہ بھی صاف ہو سکتا ہے۔ جو لوگ کام کی غرض سے سفر کرنا چاہتے ہیں، ان کے لئے یہ دن اچھے ثابت ہو سکتے ہیں۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

آپ کی ایک پرانی آرزو پوری ہو نے جا رہی ہے۔ آپ کو اگر مالی طور پر مشکلات درپیش ہیں تو وہ بھی ختم ہونے کی امید ہے۔ جائیداد و پراپرٹی کی خرید و فروخت کے حوالے سے بھی کوئی پیش رفت ہو سکتی ہے۔جو لوگ بندش میں تھے، وہ بھی اب خود کو آزادسمجھیں۔ گھر میں جاری کشیدگی کم ہو گی، فساد کروانے والے اب خودبخود پیچھے ہٹ جائیں گے اور آپ کو سکون کا سانس نصیب ہوگا، ان شاءاللہ۔