برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ پچھلے کافی دنوں سے جن مشکلات کا شکار چلے آ رہے تھے، ان شاءاللہ اب اس میں کافی حد تک کمی کا امکان ہے ،اب روزانہ کے حساب سے آپ کو مالی فائدہ بھی حاصل ہوگا ،جو لوگ تبدیلی چاہتے ہیں وہ اب اس میں کامیاب ہونے کے قریب ہیں، وقتی طورپرتو مشکل لگے گی، مگر پھریہ آپ کے لئے باعثِ برکت ہو سکتی ہے۔ بہرحال اب برسوں بعد بہت کچھ بدلنے بھی جا رہا ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

ان دنوں آپ کی جو بھی پریشانیاں چل رہی ہیں، وہ اب زیادہ دیر تک نہیں چلیں گی،آپ کو تنگ کرنے والے اب خودبخود بھاگ جائیں گے۔ جن لوگوں نے اپنا کام شروع کرنا ہے وہ اب اس سلسلے میں قدم اٹھا سکتے ہیں۔ امید ہے کہ اس میں کامیاب رہیں گے اور جو لوگ سفر کے خواہشمند ہیں وہ بھی اب اپنی منزل کے قریب ہیں۔ نیا رشتہ بھی طے ہو سکتا ہے۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

جن افراد نے ایک عرصہ بندش وغیرہ میں گزارا ہے وہ بحکم اللہ اب اس سے آزاد ہوتے جا رہے ہیں اور جوں جوں اس سے نکل رہے ہیں ،ان کو ویسے ہی فائدے بھی ملنا شروع ہو گئے ہیں۔ اس وقت ایک آفر نہیں، بلکہ دو تین آفرز بھی ملنے کی امید ہے، اپنوں کے ساتھ اختلافات والا خانہ بھی اب بند ہو رہا ہے، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اب صلح ہو جائے گی۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

اپنے لئے وہ راستہ اختیار کریں جو نیا ہو۔ ماضی میں آپ جس راستے پر چلتے رہے ہیں وہ مناسب نہیں ،پھر آزمائے ہوئے لوگوں کو کیا آزمانا۔ صورتِ حال بدلے گی اور بڑی شاندار بدلے گی۔ آپ نے جس قدر مشکلات برداشت کرنا تھیں، وہ کر لی ہیں۔ اب میرے اللہ نے چاہا تو ہر روز آسانیاں ہی ملیں گی۔ یہ ہفتہ اولاد کو قریب کرے گا اور مالی طور پر بھی بہتری دینے والا لگتا ہے۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ کو اس ہفتے صرف اپنے روزگار پر توجہ دینا ہے۔ اگر آپ نے نیت صاف رکھی اور پلاننگ سے چلے تو پھر مالی طور پر مضبوط ہونے کا سفر شروع ہو جائے گا، جو لوگ برسوں سے بندش میں تھے یا بیمار تھے وہ اب بحکم اللہ بہتری کی جانب سفر شروع کر دیں گے۔ ان دنوں گھر میں کسی خاص قسم کی تبدیلی کا عمل بھی شروع ہو رہا ہے۔ لگتا تو ہے کہ یہ بڑی اچھی رہے گی۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

آپ کو اس وقت جس بھی مقصد کی تلاش ہے، لگتا تو ہے کہ آپ اس کے بالکل قریب ہیں، اس لئے چوکس رہیں اور پوری توجہ رکھیں، جو لوگ عرصہ دراز سے روزگار کی تلاش میں تھے، وہ اب ان شاءاللہ جلد خوشی کی خبر سن لیں گے ،اس ہفتے بس اس بات کا خطرہ ہے کہ کوئی طے شدہ رشتہ نہ ٹوٹ جائے اور اپنوں کی جانب سے مخالفت بھی تیز نہ ہو جائے، صدقہ دیں۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ کی صحت اب تیزی سے بحکم اللہ بہتر ہو رہی ہے، آپ کو اکثر اوقات بدنظری کا سامنا رہتا ہے۔ آپ سورئہ قلم کی آخری دو آیات کو صبح و شام پڑھنا اپنا معمول بنا لیں،بدنظری سے محفوظ رہیں گے ،جن لوگوں نے ماضی میں غلطیاں کی تھیں اور وہ ازالہ چاہتے ہیں تو ان کی ایک سچی توبہ ان کو اس سے نکال کر فائدے والے خانے میں ڈال دے گی کہ اللہ بڑا معاف اور درگزر کرنے والا ہے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

آپ ان دنوں دماغ پر جو بوجھ سوار کئے ہوئے ہیں، بلاوجہ کی پریشانی تنگ کر رہی ہے اور جس بھی کام میں ہاتھ ڈالتے ہیں، ٹینشن کی وجہ سے وہ پورا نہیں ہوتا، اس لئے کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کریں اور درود شریف بھی روزانہ ہر نماز کے بعد 100 مرتبہ ضرور پڑھیں۔ اس طرح بہت سے معاملات سے بچ جائیں گے اور جو رکاوٹیں محسوس کر رہے ہیں وہ ان شاءاللہ ختم ہونا شروع ہو جائیں گی۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

دل ان دنوں بالکل قابو میں نہیں ہے، آپ اس کے آگے بالکل بے بس ہو گئے ہیں اور اپنی معمول کی زندگی گزارنے کے بجائے خوابوں والی زندگی گزارنا شروع ہو گئے ہیں، جو نصیب میں ہے وہ تو مل کر رہے گا۔ دوسری طرف بھی توجہ دیں جو ضروری ہے۔ گھر اور اس سے وابستہ ہر معاملہ آپ کو دیکھنا ہے اور اس کو سنجیدگی سے بھی لینا ہے، ورنہ آپ ایک اچھے وقت سے محروم ہو سکتے ہیں۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

تبدیلی والا خانہ کھلا ہوا ہے۔ ملازمت پیشہ افراد کو ذہنی طور پر اس کے لئے تیار رہنا ہوگا ،جن کو عرصہ دراز سے ترقی نہیں ملی تھی، ان شاءاللہ وہ بھی اب اس کے قریب ہیں۔ جو لوگ دل لگی میں لگے ہوئے تھے، وہ اصل حقیقت جاننے کے بعد خود ہی واپسی کا راستہ اختیار کر لیںگے۔ ان دنوں آپ کی ضرورت کے تحت رقم ایڈوانس ہی آپ کے ہاتھ میں آنے کے بہت زیادہ امکانات ہیں۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

بڑی عمر کے لوگ شادی کے بارے میں جو خبر چاہتے تھے تو ان کو مل سکتی ہے اور بیٹیوں کے لئے بھی ان شاءاللہ کوئی سبب بن جانے کی اللہ پاک سے بڑی امید ہے۔ ان دنوں گھر کا نظام بدل رہا ہے ،جس میں آپ کو شامل ہونا ہے ،اس بدلتے نظام میں اگر وقتی طور پر کوئی مشکل آئے تو مت گھبرائیں۔ آگے چل کر یہ آپ کے لئے بڑا شاندار سسٹم ثابت ہو سکتا ہے۔ کچھ رقم بھی ملنے والی ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

آپ کے لئے اس ہفتے امید ہے کہ اچھی خبریں ہی ہیں، اللہ کا نام لے کر جس طرف قدم اٹھائیں گے، کامیابی مل جائے گی، جو لوگ دوسروں پر انحصار کرکے چلیں گے، وہ مار کھا سکتے ہیں۔ ذہن میں رکھ لیں کہ ہمارے لئے اللہ ہی کافی ہے اور وہ سب سے بہتر مددگار ہے۔ دوسروں پر انحصار کرنا شرک کے زمرے بھی آ جاتا ہے ،پھر جو ہونا ہوتا ہے وہ کبھی نہیں ہوتا۔ خود کو سپرد اللہ کردیں۔