برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

ان دنوں مالی حوالے سے قدرے مشکلات محسوس ہو رہی ہیں اور نکلنے کا فی الحال کوئی راستہ دکھائی نہیں دے رہا، آپ کو استخارے سے مدد لینا ہو گی اور کوشش کرنی ہے کہ اپنے معاملات جو خرابی کی طرف جا رہے تھے ان کو فوری ٹھیک کیا جائے ،جو لوگ خود سے کوئی کام شروع کر لیں وہ بہتر رہے گا اور جن کو بندش نے تنگ کیا ہوا تھا ،وہ سورةالقلم کی آخری دو آیات صبح شام پڑھیں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

آپ کو آپ کے حق سے محروم کیا جا رہا ہے، آپ چاہ کر بھی کچھ نہیں کر سکتے ،لیکن قدرت تو ہے ناں، بس چند دنوں کی خاموشی اختیار کر کے اپنے تمام معاملات اللہ کے سپرد کر دیں ،پھر انتظار کریں ،مکھن میں سے بال کی طرح ہر مشکل سے بھی نکلیں گے اور آپ کو حق بھی مل جائے گا، بس اپنے دل کے معاملے میں جذباتی پن کا مظاہرہ نہ کریں، ورنہ الٹی بلا گلے میں پڑ سکتی ہے، صدقہ بھی دیں۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

خانگی امور میں کبھی کوئی بات نکل آتی ہے اور کبھی کوئی اور،جو آپ کےلئے وجہ ٹینشن بن جاتی ہے، آپ اس میں کھو کر ایک اچھے وقت سے محروم ہو رہے ہیں ،زائچہ شاندار پوزیشن پر ہے اس لئے سارے فضول کام چھوڑ کر صرف اپنے اور روز گار پر توجہ دیں تاکہ سابقہ نقصانات کا بھی ازالہ ممکن ہو سکے ،جو لوگ کسی بھی طرح کے سفر کےلئے بے چین تھے، وہ اللہ کا نام لےکر تیاری کر لیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

لگتا ہے اللہ نے آپ کو دوبارہ موقع دیا ہے، بہت سے مسائل سے باہر آ گئے ہیں ،ایسا لگتا ہے جیسے نئی زندگی ملی ہو، اب اس کی قدر کریں، روزانہ کے حساب سے ان شاءاللہ بہتری ملے گی، تبدیلی کی ہوا بھی چل رہی ہے اس سے وہی لوگ فائدہ اٹھائیں گے جو اپنی حالت کو واقعی بدلنا چاہتے ہوں اور اس بار کا اٹھایا گیا قدم بڑی شاندار پوزیشن پر لے جائے گا، آپ بس محنت کے لئے تیار ہوں۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ نے جن پر ضرورت سے زیادہ اعتبار کیا انہی نے دھوکا ہی دیا ، پھر بھی بار بار اس کے قریب گئے، اب بھی کچھ ایسا ہی لگتا ہے، خدا کے لئے اچھے برے کی تمیز سیکھیں اور باز آ جائیں، اللہ پاک نے آپ کو برے لوگوں سے بچا لیا ، اب زندگی میں تبدیلی آ رہی ہے اور اچھے لوگوں کی آمد ہو گی، خود کو تیار کریں، اس وقت رشتے کے انتظار میں بیٹھے ہوئے لوگوں کے لئے ایک اہم خوشی کی خبر بھی ہے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

ان دنوں آپ ذہنی دباﺅ کا شکار ہیں، کسی بات کو ذہن پر سوار کر لیا ہے اور اندر سے جیسے ٹوٹ گئے ہوں، اس لئے نماز سے مدد لیں اور سابقہ گناہوں کی توبہ کر لیں، اللہ نے چاہا تو آپ کو معافی مل جائےگی ،ساتھ ہی ساری پریشانیاں بھی بھاگ جائیں گی۔ اپنے رزق کا حصول ضرور چیک کریں، حلال اور حرام کی تمیز لازمی رکھنی ہے تاکہ اللہ راضی رہے اور آخرت بہتر ہو سکے۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

ایک در بند تو سو در کھلے، اللہ بڑا مہربان ہے جس نے سچے دل سے توکل سے کام لیا، وہ کامیاب ہو گیا، آپ ہر بات کو لے کر بڑی جلد گھبرا جاتے ہیں، جس کی وجہ سے مشکل اور ذہنی دباﺅ کا شکار ہو جاتے ہیں، بس دعا سے کام لیا کریں، یہ سب سے بڑا وظیفہ ہے۔ آپ کے اندر کا ایک نیک آدمی اب باہر آنا چاہتا ہے اس کو باہر آنے دیں، پھر دیکھیں کہ کس طرح حالات بدلتے ہیں، سب اچھا ہی ہوگا۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

کچھ نظر بد کا اثر ہے جس کی وجہ سے آپ کو اپنے کاموں میں بھی رکاوٹ مل رہی ہے اور صحت کا خانہ بھی ٹھیک نہیں ہے، صدقہ دیں اور فوری طور پر اپنی نظر بھی اتاریں ،سچے دل سے توبہ بھی کریں ،یاد رکھیں کہ آپ حاسدین کی نظروں میں ہیں ،اپنے ہر کام کو ان سے چھپا کر کریں اور اپنی زبان قابو میں رکھیں، جذباتی پن دکھانے اور اپنوں سے جھگڑنے سے گریز کریں۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

جو لوگ سفر کرنا چاہتے تھے مگر ان کو کامیابی نہیں مل رہی تھی اب اللہ نے چاہا تو تیاری کر سکتے ہیں، ان کے لئے راستے کھل رہے ہیں، آپ کو جس مقصد کے لئے بھی رقم درکار ہو گی، اس کا بندوبست بھی ہو جائے گا ،زندگی کے لئے اہم فیصلے کرنے کا بھی یہ ایک اچھا موقع ہے، اگر مناسب قدم اٹھا لیا تو پھر وارے نیارے، ورنہ جہاں ہیں وہی بیٹھے رہیں گے اور لوگوں کو اپنا دشمن بناتے رہیں گے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

جن لوگوں نے کاروبار میں نقصان دیکھا ہے، اللہ نے چاہا تو اس ہفتے ان کو سابقہ نقصانات سے نجات ملے گی اور اس کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا، نوکری میں تبدیلی کا امکان بھی ہے ،بعض لوگوں کو ترقی کی خبر بھی مل سکتی ہے، جو لوگ عرصہ دراز سے خود کو کسی بندش وغیرہ میں مبتلا دیکھ رہے تھے، ان شاءاللہ اب وہ آزاد ہیں، ایک دو دن میں ہی بحکم اللہ اندازہ ہو گا۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

اپنے دل اور دماغ کو قابو میں رکھیں، آپ کیوں جذباتی ہو رہے ہیں اور بلا وجہ کی باتوں میں آکر اپنے مقاصد سے ہٹ رہے ہیں۔ اس طرح تو مشکل ہو جائے گی، توبہ کریں، خود کو پاک رکھیں، نیت صاف رہے گی تو حالات بدلیں گے، اس وقت گھریلو ماحول بھی کشیدہ ہے، برداشت کم ہو رہی ہے، آپ نے اگر اپنا رول ادا نہ کیا تو بڑا مسئلہ ہو جائے گا۔اب وقت کم ہے اور مقابلہ سخت۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

آپ کو اپنی روحانی قوت کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا، نماز میں دلچسپی لیتے رہیں گے تو گناہوں سے بچنے کے علاوہ آپ کے اپنے تمام کام ہوتے چلے جائیں گے، جو لوگ بیمار ہیں وہ ان شاءاللہ شفاءیاب ہوں گے ،جن کو رشتے وغیرہ میں بندش کا سامنا تھا، وہ بھی کامیاب ہوں گے، پردئہ غیب سے بڑا شاندار سلسلہ بن سکتا ہے۔ اس ہفتے ناراض لوگوں سے صلح ہو گی اور جو لوگ سفر کرنا چاہتے تھے وہ تیاری کر لیں۔