برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

مالی طور پر مشکلات پیش آ رہی ہیں اور کسی جانب سے فی الحال کوئی سلسلہ بنتا ہوا دکھائی بھی نہیں دے رہا۔ اس صورت حال میں صبر کرنا چاہئے کیونکہ روحانی علاج کریں گے اور راستے کھلیں گے،روزانہ بعد نماز مغرب سورہ ¿ واقعہ پڑھنا شروع کریں اور اپنے حقوق العباد کا اچھی طرح جائزہ لیں کہ کس جگہ غلطی ہوئی ہے، توبہ کریں گے اور اس کی اصلاح کریں گے تو ان شاءاللہ سب کچھ ٹھیک ہوتا چلا جائے گا، فکر نہ کریں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

وراثت کے امور میں ابھی رکاوٹوں کا سامنا ہے، سب کی نظروں میں برا بن کر ہی آپ کو حق مل سکتا ہے ورنہ شرافت سے تو ملنے سے رہا،اپنا حق ہی مانگنا ہے کون سا گناہ کرنا ہے جو لوگ کوشش کریں گے وہی کامیاب ہیں۔ اِس وقت گھر اور گھر والوں پر توجہ دیں اس معاملے میںبڑی لاپروائی ہو رہی ہے جو اچھی نہیں، وقت کی قدر کریں ورنہ بعد میں صرف پچھتانا ہی پڑے گا۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

اپنے اندر کے شخص کی حفاظت کریں،یہ آپ کو کس جانب لے کر جا رہا ہے، غور تو کریں، ان دنوں دل کو جس قدر قابو میں رکھ سکتے ہیں ضرور رکھیں۔ یاد رہے کہ شیطان آپ کے ایمان کو خراب کر سکتا ہے ابھی بھی وقت ہے اللہ پاک سے پناہ مانگیں اور سختی سے اس کا مقابلہ کریں،جو لوگ بے روز گار ہیں ،وہ ان شاءاللہ کام پر لگ جائیں گے اور جس مقصد کے لئے رقم درکار ہو گی اس کا بندوبست بھی ہو جائے گا۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

ملازمت پیشہ افراد کے تبادلے کا امکان ہے، رکے ہوئے کام ان شاءاللہ چل پڑیں گے اور جن لوگوں سے رقم لینی ہے، اس کی واپسی کا امکان بھی ہے جو لوگ عرصہ دراز سے روز گار کے حصول کی وجہ سے پریشان چلے آ رہے ہیں، امید ہے کہ ان کو اچھی خبر ملے گی، آج سے ہی رکاوٹوں کا خاتمہ شروع ہو جائے گا، آپ کی صحت کا تھوڑا سا مسئلہ ہے۔ اس کے لئے راشن کی صورت میں صدقہ ضرور دیں۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ کے لئے ان شاءاللہ بہتری کا وقت شروع ہو رہا ہے، عرصہ دراز تک مشکلات نے آپ کو گھیرے رکھا ،بندش میں بھی آ گئے تھے اب اس سے نکل چکے ہیں اس کا اندازہ اچھی خبروں کے ملنے سے ہو جائے گا،جو ساتھ چھوڑ گئے دوبارہ ملے کی کوشش کریں گے، آپ بھی اب درگزر سے کام لیں۔جہاں آپ سے زیادتی ہوئی ہے ان سے خود جا کر معافی مانگ لیں اللہ راضی ہوگا۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

کن باتوں اور کن مسائل میں پڑے ہوئے ہیں،اب ان سے باہر نکل آئیں اور اپنے روز گار اور گھر پر توجہ دیں جو آپ کے لئے بے حد ضروری ہے، آپ نے ایک بڑا عرصہ خراب کیا ہے، اب اگر قسمت موقع دے رہی ہے تو اس کی قدر کریں اور اپنے مستقبل کو ٹھیک کر لیں اللہ مدد گار ہے ، پریشانی کیسی، صرف توجہ اور تھوڑی سی محنت کی ضرورت ہے باقی سب اللہ پر چھوڑ دیں، آنے والے دن بڑے اہم ثابت ہوں گے۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

صحت اب اکثر خراب رہنے لگ گئی ہے خود بھی لاپرواہ ہو گئے اور اکثر مایوس بھی رہنے لگے ہیں، کیوں ایسا ہو رہا ہے اس خول سے باہر آئیں اللہ پاک نے دنیا میں جس مقصد کے لئے بھیجا ہے وہ تو پورا کرنا ہے،دین اور دنیا ساتھ ساتھ چلتی ہے، دونوں کو پکڑیں اور اپنے گھر والوں کے لئے اب کچھ کریں، ہمت کریں گے تو غیبی مدد بھی ملنا شروع ہو جائے گی، آپ کے اندر ایک اچھا انسان ہے اس کو باہر نکالیں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پکڑ میں آ جاتے ہیں، نہ جانے کس وجہ سے ایسا ہو رہا ہے حالانکہ زائچہ تو ٹھیک ہے، اس کا مطلب ہے کہ کسی جگہ کوئی غلطی ہو گئی ہے، اس کے لئے استخارہ کریں اور توبہ سے کام لیں،دوسروں کے حق میں دعا بھی کر دیا کریں،اللہ بڑا مہربان ہے مہربانی فرمائے گا جن لوگوں نے تنگ کر رکھا تھا اب وہ خودبخود دور ہو جائیں گے اور آپ ان پر حاوی ہوتے بھی نظر آتے ہیں۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

لالچی قسم کے لوگ آج کل قریب ہیں،ان سے خطرات ہیں جو نظر انداز نہیں کئے جا سکتے، آپ کو چند دن بڑے محتاط انداز سے چلنا ہوگا اور جس کام میں بھی ہاتھ ڈالیں حسبنااللہ و نعیم الوکیل کہہ کر ڈالیں اور کسی کا اعتبار نہ کریں ،ان دنوں بس یہ سب ہونا چاہئے باقی کچھ نہیں، جن افراد نے ماضی میں مشکلات کا سامنا کیا تھا وہ اب غیبی مدد ملتی ہوئی دیکھیں گے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

بس کر دیں دل کے ہاتھوں مجبور ہونا، اللہ کے حضور بھی تو پیش ہونا ہے، کچھ کام اس کی رضا کے لئے بھی کر لیںتو کیا بات ہے۔ آپ کو معلوم ہے کہ آپ کس جگہ غلط ہیں پھر بھی باز نہیں آ رہے اور اسی کام میں لگے ہوئے ہیں توبہ کر کے اگر واپسی کا راستہ اختیار کر لیا جائے گا تو پھر زندگی کا رخ ہی بدل جائے گا توبہ صرف ایک قدم پر ہے، اللہ کو راضی کرنا ضروری ہے ،ہونا تو وہی ہے جو اللہ نے چاہنا ہے یہ یاد رہے۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

جسمانی کشش پر توجہ مرکوز نہ رکھیں یہ غلط ہے صرف جائز کام کی طرف جائیں اور جائز رزق کمانے کی کوشش کریں جو نصیب میں ہوگا وہ ان شاءاللہ مل کر رہے گا، شاٹ کٹ راستہ خرابی ظاہر کر رہا ہے، ان دنوں جو آفر آنے والی ہے، وہ بڑی اہم ہے غور کریں اگر بات سمجھ میں نہ آئے تو استخارے سے مدد لے لیں، آپ کو اب اس کو ہاتھ سے نہیں جانے دینا،سابقہ نقصان کا ازالہ کروانا ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

اہم ہفتہ ہے جس میں آپ کے مستقبل کی پلاننگ ہو گی اور اپنوں کے لئے کچھ کرنے کا موقع بھی ملے گا جو لوگ نیت صاف رکھ کر اللہ پاک سے مدد مانگ کر چلیں گے وہ بڑے مزے میں رہیں گے اور کیسے ان کے لئے غیبی دروازے کھلتے ہیں خود دیکھ لیں گے۔ آپ بہت اچھے انسان ہیں دوسروں نے ہمیشہ آپ کا فائدہ ہی اٹھایا ہے اور مطلب نکال کر پیچھے ہٹ گئے مگر صلہ تو میرے اللہ نے دینا ہے وہ جلد مل کر رہے گا۔