برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ کو ابھی چند روز تک صبر سے کام لینا ہوگا، فی الحال حالات، خاص طور پر مالی لحاظ سے تو بے حد نازک جا رہے ہیں اور کسی جانب سے کوئی سلسلہ بھی بنتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا، اس لئے اب آپ کو نئی پلاننگ بنا کر چلنا ہوگا اور اپنے راستے کو بھی بدلنا ہوگا۔ بے حد قریبی لوگ بھی تقریباً ساتھ چھوڑ چکے ہیں، جو رشتے بچ گئے ہیں، ان کو ناراض مت ہونے دینا ورنہ شائد برسوں میں بھی نہ مل سکیں۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

پراپرٹی وغیرہ کے حوالے سے کوئی صورت حال سامنے آ سکتی ہے، ممکن ہے جس بات کا انتظار تھا وہ سلسلہ چل نکلے اور روز گار کے معاملات بہتر ہو سکیں۔ اب بڑا قدم تو اٹھانا ہے، رسک لیں گے تب ہی کامیابی ملے گی۔ اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ اب جسم میں تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ کبھی کوئی مرض اور کبھی کوئی مرض لاحق ہو جاتا ہے۔ صدقہ دیں اور چہل قدمی کرنے پر زور دیں گے تو بہتر ہے۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

روزگار میں ابھی چند اور مشکلات کا سامنا ہے، آپ کو سنبھل کر چلنا ہوگا ،مکمل پلاننگ کر لیں تو زیادہ بہتر ہے۔ جو لوگ اب اپنی زندگی کی روٹین کو نہیں بدلیں گے، وہ پریشان ہو سکتے ہیں، اللہ پاک سے اس کا فضل مانگیں اور پرانے راستوں کو بدلنے کی کوشش بھی کریں۔ اس میں امید ہے کہ آپ کو بڑی کامیابیاں ملیں گی، برسوں پرانے تعلقات میں خرابی بھی ظاہر ہو رہی ہے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ کو ابھی اپنے گھر میں خاص توجہ دینا ہو گی، ایک مرتبہ تمام حالات کا از سر نو جائزہ لیں کہ کس مقام پر غلطیاں ہو رہی ہیں، ان کی اصلاح کریں، پھر کوئی پیش قدمی کریں۔ روز گار کو اگر بدلنے کا پروگرام ہے تو چند روز مزید انتظار کر لیں اللہ نے چاہا تو اسی جگہ بہتری آ جائے گی۔ غصہ کم کریں، یہ طبیعت پر بھی اثر انداز ہو رہا ہے اور جو لوگ کسی قسم کی بندش میں تھے، وہ اب بدھ تک اس سے آزاد ہوں گے۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

مالی صورت حال خراب ہے اور حالات کسی طرح سے بھی بہتر ہونے کا نام نہیں لے رہے، ایسی صورت حال میں آپ سورئہ واقعہ بعد نماز مغرب روزانہ پڑھا کریں اور اللہ سے اپنے تمام گناہوں کی ایک مرتبہ سچے دل سے معافی بھی مانگیں۔ کسی جگہ کوئی تو رکاوٹ ہے جو دور نہیں ہو رہی۔ توبہ کے عمل سے ان شاءاللہ دور ہونے کا پورا امکان ہے ،اپنی زبان کو چند روز کے لئے اپنے قابو میں ضرور رکھیں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

جو لوگ کسی نئے کام کی ابتدا چاہتے ہیں، وہ ابھی جلد بازی سے کام نہ لیں۔ اس وقت ایسا کرنا کسی لحاظ سے بھی آپ کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔ میرے اللہ نے چاہا تو اسی جگہ فائدہ ہوگا، بس اپنے دل کو پاک ،صاف کر لیں اور ہر ناجائز کام اور عمل سے دور ہو جائیں۔ جن افراد نے سفر کرنا ہے وہ ابھی انتظار کریں، جس طرف سے رشتے میں بندش محسوس کی جا رہی ہے، وہ اب ٹوٹ جائے گی۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ نے اپنے آپ کو ہر بُرے کام سے دور رکھنا ہے اور سچے دل سے اپنے تمام سابقہ گناہوں کی توبہ بھی کرنی ہے۔ آپ کی بے شمار غلطیاں آپ کی راہ میں رکاوٹ بن گئی ہیں ۔اب آپ کو اللہ پاک سے ہی رابطہ کرنا ہے، وہی آپ کو مشکلات سے نکالے گا۔ اس وقت آپ کافی حد تک اکیلے رہ گئے ہیں۔ غصہ کرنے برداشت نہ کرنے کی وجہ سے لوگ آپ سے دور ہو رہے ہیں۔ اپنے معاملات جلد ٹھک کرنے کی کوشش کریں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

نظر بد لگتی ہے جس کی وجہ سے رکاوٹوں کا سامنا ہے، آپ جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں اس میں ناکامی ملتی ہے ،خاص طور پر مالی معاملات بڑے کمزور دکھائی دے رہے ہیں، اس لئے سورئہ قلم کی آخری دو آیات صبح شام پڑھیں اور راشن کی صورت میں صدقہ بھی دیں۔ اپنے کاموں کے بارے میں کسی سے ذکر مت کریں ورنہ حسد کا شکار رہیں گے۔ ابھی بھی اندرون خانہ مخالفت چل رہی ہے۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

جس انداز سے آپ چلنا چاہ رہے ہیں وہ مشکل ہے، آپ کو چاہئے کہ اب خود کو بدلیں اور صرف موجودہ حالات کے مطابق قدم اٹھانے کی کوشش کریں۔ آپ نے جس پر بھی اعتبار کیا اس نے دھوکہ ہی دیا اور وفا کے بدلے جفا ہی ملی۔ اب بھی اصل اور نقل کی پہچان نہیں ہوئی۔ اب خاموشی اختیار کریں اور اپنے سارے معاملات اللہ پاک سے بیان کیا کریں، وہی ہے جو مشکل میں ساتھ نہیں چھوڑتا۔ ان شاءاللہ جلد پریشانیاں ختم ہوں گی۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

جو لوگ تنگ کر رہے ہیں، آپ ان سے دور کیوں نہیں ہوتے اور کیوں خود کو مشکل میں ڈالے ہوئے ہیں ،دل پر بھی قابو نہیں رہتا۔ اب عمر کے حساب سے چلنا ہوگا۔ بہت مشکل لگتا ہے اس کو حاصل کرنا جو آپ چاہ رہے ہیں اور جو چیز پردئہ غیب سے ملے وہی انعام ہے۔ روزانہ 450مرتبہ حسبنا اللہ و نعیم الوکیل پڑھنا ضروری ہے ،توبہ کر کے اپنے پرانے کام کی طرف لوٹ جائیں تو بہتر ہے۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

ایک راستہ بند ہو گیا تو کیوں پریشان ہیں، اللہ پاک اور سو راستے کھول دیں گے۔ اس وقت صرف توجہ اور تھوڑی سی محنت کی ضرورت ہے۔آپ کو اب بہترین حالات ملیں گے، اگر نیت صاف رہی تو آپ کی مالی پوزیشن بھی ان شاءاللہ بہتر ہو سکے گی۔ ابھی آپ کو چند اہم فیصلے کرنا ہوں گے، اپنے مستقبل کے حوالوں سے ،یاد رکھیں کہ صرف استخارے کی مدد لینی ہے۔کسی دوسرے شخص سے مشورہ نہیں کرنا۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

یہ ہفتہ ان شاءاللہ آپ کے لئے کئی حوالوں سے خوشیوں کا پیغام لے کر آیا ہے، آپ پہلے کافی عرصے سے پریشان تھے، جس کام میں ہاتھ ڈالتے تھے، ناکامی ہوتی تھی، مگر اب ایسا نہیں ہوگا۔ بسم اللہ کریں اور اپنے مقصد کی طرف بڑھیں۔ منزل سامنے ہو گی ۔ دوسروں کی پرواہ کرنا چھوڑ دیں، اللہ نے چاہا تو آپ ہر لحاظ سے ان سے ان شاءاللہ آگے نکل جائیں گے۔ مگر سارے کام کے لئے خاموشی ہی بہتر راستہ ہے ۔