برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
ابھی اپنی پریشانیوں کا ذکر کسی سے مت کریں۔ صرف اللہ پاک پر بھروسہ رکھیں اور اسی سے اپنے دکھ درد کیا کریں، وہی آپ کو ہر مشکل سے نکال دے گا۔ دوسروں پر انحصار کریں گے تو منہ کے بل گریں گے۔اب حکمت سے چلنا ہوگا۔ ممکن ہے گھر میں اہم رول ادا کرکے ہی تمام مسائل کا حل مل جائے۔ ابھی تو اندرون خانہ بھی مخالفت چل رہی ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
وارثتی امور میں اہم پیش رفت ہوگی ،اس کو اتنا آسان بھی نہ سمجھیں، اس میں بڑی حکمت سے چلنا ہوگا۔ اپنوں کی جانب سے مخالفت تو جاری ہے۔ اندیشہ یہ ہے کہ کہیں اپنے برسوں کے لئے جدا نہ ہو جائیں، اس لئے غصہ قابو میں رکھیں جو لوگ صرف کام سے کام رکھیں گے اور اپنی زبان بھی قابو میں رکھیں گے، ان کے لئے ان شاءاللہ آسانیاں ہی آسانیاں ہیں۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
آپ خانگی معاملات کو چھوڑ کر صرف اپنے روزگار پر توجہ دیں۔اس وقت یہ خانہ بڑی شاندار پوزیشن پر ہے۔ تھوڑی سی محنت سے آپ بہت کچھ حاصل کر سکتے ہیں اور سابقہ نقصانات کا ازالہ بھی ہو سکے گا۔ مکان کی تبدیلی کے اشارے بھی ہیں اور ملازمت میں تبادلے کے بھی۔ ان دنوں ضرورت کے تحت کچھ رقم بھی غیبی انداز سے ہاتھوں میں آنے کا امکان ہے۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
اب برسوں کے بعد عقل آنا شروع ہو گئی ہے۔ جب بہت کچھ آپ کے ہاتھوں سے نکل چکا ہے۔ ابھی بھی ایک سچی توبہ کی ضرورت ہے اور سیدھے راستے پر چلنے کا عزم بھی، پھر جا کر صورت حال میں بہتری کا امکان ہے، جو لوگ کسی بندش وغیرہ کو محسوس کر رہے تھے، وہ اب اس سے نکل آئے ہیں۔ اب بسم اللہ کرکے جوبھی کام رزق حلال کا چل رہا ہے ،اس پر توجہ دیں۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
آپ کے لئے ان دنوں غیر متوقع انداز سے حالات میں بہتری آنے کا امکان ہے۔ کافی عرصے سے جن کاموں میں رکاوٹیں آ رہی تھیں، اب وہ دور ہونا شروع ہو جائیں گی، مگر اپنے اندازِ زندگی سے آپ دوسروں سے الگ ہو رہے ہیں۔ آپ صورت حال کو کسی بھی طرح بدلنے سے روک نہیں سکتے۔ خود کو اکیلا بھی محسوس کریں گے، صحت کا مسئلہ بھی تنگ کر سکتا ہے، صدقہ ضرور دیں۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ کسی بھی طرح چند روز مکمل خاموشی سے گزار دیں اور کسی کے کام میں مداخلت مت کریں۔ اپنے موبائل فون کا استعمال بھی نہایت سوچ سمجھ کر کریں۔ کوئی تو ہے جو آپ کو اچھی طرح سے چیک کر رہا ہے۔ جہاں غلطی ہوئی، وہاں پر آپ مشکل میں آ جائیں گے اور یہ قریبی شخصیت کی جانب سے بھی ہو سکتا ہے۔ کاروباری حضرات ان دنوں اپنے کام پر مکمل فوکس رکھ کر چلیں۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
جلد بازی میں فیصلے مت کریں ،جذباتی پن مشکل میں ڈال رہا ہے۔ ان حالات میں نماز سے مدد لیں۔ اللہ پاک کا ذکر کریں تاکہ آپ کو ذہنی سکون حاصل ہو سکے۔ آپ ایک عجیب سے جال میں پھنسے ہوئے ہیں، آپ نے خود نکلنا ہے۔ آپ پرانے معاملات اور پرانی باتوں کو چھوڑتے ہی نہیں ہیں۔ اس وقت اس سے باہر نکل کر اپنی زندگی کو نئے انداز سے شروع کریں۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
کسی بھی ایسے کام میں ہاتھ مت ڈالیں، جس میں کو تھوڑا سا بھی شک ہو ،غیر شرعی اور غیر قانونی کام سے دور رہیں۔ یہ زبردست قسم کی وارننگ ہے۔ جو لوگ کسی بھی کام میں شراکت کریں گے ،وہ ٹھیک نہیں، اکیلے ہی کام کرنے کی کوشش کریں۔ کچھ مواقع آئیں گے جس میں ناجائز پیسہ آ سکتا ہے ، اگر آپ نے اس وقت کو نکال دیا تو سمجھ لیں پھر وقت کے ولی بن جائینگے۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
دل کے معاملات ان دنوں تنگ کررہے ہیں۔ آپ کی سمجھ میں ہی نہیں آ رہا کہ کس طرف قدم اٹھایا جائے۔ آپ کی ذرا سی غلطی آپ کو کسی بڑی مشکل میں ڈال سکتی ہے۔ خیال کریں، بالکل سیدھا اور صاف چلیں، اللہ پاک سے دعا کریں وہ جو آپ کے حق میں بہتر ہے، وہی عطا کرےگا۔ اس وقت آپ نے کسی سے رقم ادھارنہ لینی اور نہ دینی ہے۔ اس میں مسئلہ ہو سکتا ہے۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
آپ گزشتہ کافی بڑے عرصے سے جس قسم کی بھی پریشانیوں اور مشکلات کا شکار رہے ہیں، اب ان سے نکلنے کا ان شاءاللہ کوئی اچھا سبب بن جائےگا اور آپ کا حق بھی آپ کو مل سکتا ہے۔ اگر نیت صاف رکھیں گے تو،پرانے معاملات اب چھوڑ دیں، واپس جانا ہے اور پھر جواب بھی دینا ہے۔ توبہ ساری چیزوں کا حل ہے۔ اللہ پاک سے دعا کریں کہ وہ سیدھا راستہ دکھائے۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
ان دنوں آپ جس پریشانی سے بھی گزر رہے ہیں وہ آپ کی اپنی ہی پیدا کردہ ہے۔ ابھی کچھ نہیں بگڑا۔ تمام حالات کا اچھی طرح جائزہ لیں، جہاں غلطیاں ہوئی ہیں، ان کی اصلاح کریں۔ ان شاءاللہ پھر سب کچھ ٹھیک ہونا شروع ہو جائے گا۔ جو لوگ کسی قسم کی بندش محسوس کر رہے ہیں، وہ بھی اس سے نکل جائیں گے ،اس ہفتے مالی طور پر کوئی بڑا فائدہ مل سکتا ہے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
نوکری میں تبدیلی و تبادلے کا امکان ہے، جو لوگ عرصہ دراز سے بے روزگار تھے اور کام کی تلاش میں تھے، وہ بھی ان شاءاللہ اب کام حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے۔ اس وقت آپ کو جس مقصد کے لئے بھی رقم کی ضرورت ہو گی، اس کا بندوبست ہو جائے گا۔ آپ کو آنے والے دنوں کا بھی بحکم اللہ کوئی اچھا سلسلہ بنتا ہوا دکھائی دے گا۔ حالات پر توجہ رکھیں۔