برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

اس ہفتے مالی حوالے سے لاحق پریشانی میں واضح کمی ہو گی اور آپ کی ضرورتیں پوری ہوں گی۔ اللہ پاک کا نام لے کر جس مقصد کے لئے بھی قدم اٹھائیں گے اس میں کامیابی حاصل ہو گی۔آپ کے اور بھی کئی مسائل حل ہو سکتے ہیں،جو لوگ روزگار میں تبدیلی چاہتے ہیں وہ اب قدم اٹھا سکتے ہیں ان کو اس وقت کامیابی ملنے کے امکانات ہیں۔ گھریلو ماحول میں جاری کشیدگی بھی کم ہو سکے گی۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

پراپرٹی وراثت کے امور میںلاحق مسائل جلد اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے اور ان شاءاللہ آپ کو آپ کا حق بھی مل جائے گا جو لوگ عرصہ دراز سے روزگار کی تبدیلی میں لگے ہوئے تھے،اب اپنی کوشش کو کامیابی میں بدلتا دیکھیں گے۔ اولاد کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ متوقع ہے۔ اولاد کے ساتھ مشورہ ہے کہ ان کو اپنی من مانی سے روکنے کا یہ اچھا حل ہے۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

خاندانی امور میں کوئی نہ کوئی مسئلہ ہوتا رہتا ہے۔ چند دنوں کے لئے اپنی جان کو ان معاملات سے آزاد کروانا ہو گا تاکہ سکون کے ساتھ اپنے مقاصد کی جانب پیش قدمی کی جائے جو لوگ کسی بات کو دل پر لگائے ہوئے ہیں وہ اب اس کو اوپن نہ کریں درگزر سے کام لیں ورنہ پھر کئی رشتے ہاتھوں سے نکل جانے کا ڈر ہو گا۔ ویسے ہی اب مطلب نکال کر سب آپ سے دور ہوتے جا رہے ہیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

جو رشتے بچ گئے ہیں ان کو خراب مت کریں اور جیسے تیسے برداشت کرکے وقت گزاریں۔مکمل لاتعلق ہو کر چلنا بھی گناہ ہے۔ اس کے بارے میں شرعی طور پر آپ مجبور ہیں۔ سلام دعا ضرور رکھیں، تو گھر میں اپنا رول ادا کریں ۔ آپ نے لاپروائی سے پہلے ہی بہت کام خراب کیا ہے۔ اب اپنا کام شروع کر دیں اور سب کو ساتھ لے کر چلیں۔ روزگار کے حوالے سے اب پریشان نہ ہوں۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

کاروباری حضرات کے لئے کافی عرصے کے بعد اچھے دنوں کا آغاز ہو گیا ہے، مزید سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں،اپنے کام پر محنت کرکے بہت کچھ بچا سکتے ہیں۔ حالات دن بدن بہتر ہوں گے، اللہ نے چاہا تو بے روزگار افراد بھی کام پر لگ جائیں گے اور جن کو اپنے یا اپنے بچوں کے رشتوں کے معاملے میں بندش کا سامنا تھا، وہ اب اس سے مکمل طور پر آزاد ہیں۔ اسی ہفتے خوشخبری مل جائے گی۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

جو لوگ دوسروں کی وجہ سے خود کو بندش وغیرہ میں محسوس کررہے تھے وہ اب اس سے آزاد ہیں صورت حال تیزی سے بدل کر آپ کے حق میں ہو رہی ہے۔ آپ کو تنگ کرنے والے خودبخود مشکل میں پھنس جائیں گے،جو لوگ بیمار تھے وہ تندرست ہوں گے۔ گھر میں جس بات پر بھی کشیدگی چل رہی تھی، ان شاءاللہ اب ختم ہو گی، آپ کو غیر متوقع ذریعے سے پیسہ بھی مل سکتا ہے۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

کیوں ہر دوسرے دن کسی نہ کسی جکڑن میں آ جاتے ہیں، کس مقام پر کوئی غلطی ہوئی ہے، اس کی اصلاح ضروری ہے۔ آپ استخارے کی مدد سے اس وجہ کو جاننے کی کوشش کریں۔ اس وقت زائچہ اچھا جا رہا ہے۔ آپ نے اپنی غلطیاں دور کر لیں تو بڑا فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ غصہ بہت زیادہ آتا ہے، اس کو ٹھنڈا رکھیں۔ حالات پہلے ہی آپ کے حق میں نہیں ہیں، غصے سے بلاوجہ کی مخالفت مول لے رہے ہیں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

کوئی گڑ بڑ یا بندش محسوس ہو رہی ہے جس کی وجہ سے آپ کو کئی معاملات میں رکاوٹوں کا سامنا ہے، آپ پہلے ان سے نکلیں۔ دو بھوکوں کو کھانا کھلائیں اور تین چھٹانک شکر لے کر اپنے اوپر سے وار کر مقامی قبرستان میں ڈال دیں ۔ اس عمل سے اس بندش سے آزاد ہوں گے،جن لوگوں پر تھوڑا سا بھی شک ہو کہ وہ اندرون خانہ ٹھیک نہیں چل رہے، ان سے مکمل دوری اختیار کرلیں تو بہتر ہے۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

آپ چاہ کر بھی ابھی وہ حاصل نہیں کر سکتے جس کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اس لئے دل برداشتہ ہونے کے بجائے خود کو دوسرے کاموں میں لگا لیں۔ ان دنوں اپنوں سے اختلافات کا اندیشہ ہے اس لئے جس قدر دور رہیں گے، آپ کی بچت رہے گی۔ ویسے بھی آپ کی بات کوئی سمجھ ہی نہیں رہا وقت ضائع کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اللہ تعالیٰ کا ساتھ ہونا چاہیے۔ بس وہ بندے کا ساتھ نہ چھوڑے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

بہت کچھ بدل رہا ہے،خود کو بھی حالات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں،زندگی کی جنگ اکیلے ہی لڑنی ہے۔ اللہ پاک سے مدد طلب کریں صرف اس کا ساتھ ہونا چاہیے۔اس وقت مالی حوالے سے بھی تبدیلی ہو گی، نوکری کرنے والے ایک وقت میں دو جگہ پر کام کرنے کی کوشش میں کامیاب ہوں گے۔ اولاد کا خانہ اب ان معاملات میں سے نکل آیا ہے جس کی فکر ہونی چاہیے۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

دل کو قابو میں رکھیں اگر اس کی بات مان کر چلتے رہے توپھر ماسوائے نقصان اور بدنامی کے کچھ ہاتھ نہیں آئے گا۔ ان دنوں آپ کا سفر غلط سمت پر ہے اگر اس کے بارے میں پہلے درست اندازہ لگا لیا جائے تب پیش قدمی کریں۔ مخالفت بھی جاری ہے، مطلب پرست لوگ پھر اردگرد جمع ہیں جو لوگ ان سے بچ کر نہیں چلیں گے ان کے لئے مشکل ہے۔ آپ کی ایک دلی خواہش البتہ اس ہفتے پوری ہونے کی امید ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

اگر آپ نے اپنی نیت صاف رکھی اور حقوق العباد کے حوالے سے معاملات ٹھیک رکھ کر چلے تو آپ کو جو فائدہ مل سکتا ہے،اس کا اندازہ بھی نہیں لگا سکتے، مگر آپ دو کشتیوں کے سوار رہتے ہیں کبھی تولہ کبھی ماشہ، اس وجہ سے بنے بنائے کام بھی بگڑ جاتے ہیں جو لوگ مکمل پلان کرکے چلیں گے اور اللہ پاک سے مدد طلب کریں گے وہ انشاءاللہ اپنے مقاصد میں کامیاب بھی رہیں گے اور گھر خوشیوں کا مقام بن جائے گا۔