دورہ انگلینڈ کیلئے قومی سکواڈ میں شامل نامور کرکٹرز سمیت کئی کھلاڑیوں نے کورونا پروٹوکولز کی دھجیاں بکھیر دیں

لاہور (آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ میں کرکٹرز اور آفیشلز نے کورونا پروٹوکولز کی دھجیاں بکھیر دیں جبکہ بائیوسیکیورٹی کا حصار توڑنے والے چند پلیئرز میچ بھی کھیل گئے اور افسوسناک بات یہ ہے کہ ان کھلاڑیوں میں دورہ انگلینڈ میں سکواڈ کا حصہ رہنے والے نامور کرکٹرز بھی شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ ٹورنامنٹ میں شریک 9کرکٹرز اور 3 آفیشلز کورونا پروٹوکولز کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے ہیں اور اس فہرست میں دورہ انگلینڈ میں سکواڈ کا حصہ رہنے والے نامور کرکٹرز بھی شامل ہیں جنہوں نے حیران کن طور پر بائیوسیکیورسسٹم کا تجربہ ہونے کے باوجود اپنے ملک میں پی سی بی میڈیکل ٹیم کی ہدایات کو یکسر نظر انداز کر دیا، محمد حفیظ، کامران اکمل اور عبدالرزاق ہوٹل کے کافی شاپ میں دیکھے گئے جہاں عام لوگوں کو بھی آنے کی اجازت ہے۔سندھ ایسوسی ایشن کی ٹیم کے کوچ باسط علی طبیعت ناساز ہونے پر منیجر راشد خان کے ساتھ ہسپتال گئے تھے جس کی وجہ سے انہیں دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ کاکہاگیا جبکہ لیگ سپنر یاسر شاہ ٹیم انتظامیہ سے اجازت لے کر اہلیہ کی تیمارداری کیلئے ہوٹل سے باہر گئے تھے، عثمان خان شنواری کے پارکنگ اور بعض کرکٹرز کے ہوٹل سے باہر جانے کی اطلاعات ہیں، قوانین کے تحت ان سب نے اپنے خرچ پر دوبارہ کورونا ٹیسٹنگ بھی کرائی ہے۔کرکٹ حلقوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیاکہ بائیو ببل سے نکلنے والوں کا علم ہونے کے باوجود انہیں میچ میں شرکت کی اجازت دے کر پی سی بی نے دیگر کھلاڑیوں کو خطرے میں کیوں ڈالا،کسی ایک کی بھی مثبت رپورٹ آنے پر پلیئرز اور ٹیم انتظامیہ کے ساتھ بورڈکی مشکلات میں بھی اضافہ ہوسکتا تھا، دوسری طرف کھلاڑیوں کے ہوٹل کی لفٹ سمیت ہر جگہ عام لوگوں کی آمدورفت بھی جاری ہے۔