سعودی عرب میں مقیم پاکستانی خبردار ہو جائیںنجی ادارے میں ماسک نہ پہننے والوں پر 10 ہزار ریال کاجرمانہ ہو گا، دوسری بار خلاف ورزی پر دُگنا جرمانہ وصول کیا جائے گا
ریاض( ،2 نومبر2020ء ) سعودی عرب میں کورونا سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم لوگوں کی جانب سے بے احتیاطی کے باعث یہ موذی مرض ابھی تک سعودی سرزمین سے رخصت نہیں ہو سکا۔ مملکت میں ایک بار پھر کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے جس سے کورونا کی دوسری لہر آنے کا خدشہ ہے۔سعودی محکمہ داخلہ نے شہریوں اور اداروں کووارننگ جاری کی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں، ورنہ سخت سزا کے لیے تیار ہو جائیں۔وزارت داخلہ نے تمام نجی تجارتی، کاروباری و تعلیمی اداروں کو تاکید کی ہے کہ وہ کسی شخص کو ماسک کے بغیر داخل ہونے کی اجازت نہ دیں۔اگر کسی نجی ادارے میں کوئی شخص فیس ماسک کے بغیر نظر آیا تو اس پر 10 ہزار ریال کا بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔اگر کوئی شخص دوسری بار یہ خلاف ورزی دُہرائے گا تو اس سے 20 ہزار ریال جرمانہ وصول کیا جائے گا۔ سعودی وزارت داخلہ نے چند روز پہلے بھی خبردار کیا تھا کہ عوامی جگہوں پر کرونا وائرس سے بچاوٴ کے لیے ماسک پہننے اور سماجی فاصلے جیسی حفاظتی تدابیر اور پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نپٹا جائے گا۔جو لوگ کورونا پروٹوکولزپر عمل نہیں کریں گے ان پر ایک ہزار سعودی ریال کا جرمانہ ہو گا۔ان میں ماسک نہ پہننا، سماجی فاصلہ برقرار نہ رکھنا اور جسمانی درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے کی صورت میں حفاظتی اقدامات پر عمل نہ کرنا شامل ہیں۔سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اگر عالمی وبا کی روک تھام سے متعلق حفاظتی اقدامات کو نظر انداز کیا تو ایک بار پھر کرونا وائرس کیسز کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔