پاکستان نے زمبابوے کو شکست دیکر ون ڈے سیریز جیت لیبابراعظم کی نصف سنچری، افتخار احمد کے 5 شکار
راولپنڈی ( ۔یکم نومبر 2020ء ) تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ زمبابوے کی جانب سے دیئے گئے 207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز کی جانب سے جارحانہ آغاز کیا گیا اور ابتدائی 10 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 68 رنز سکور کیے۔ عابد علی 22 رنز بنا کر چسورو کے ہاتھوں پوویلین لوٹے، امام الحق مسلسل دوسرے ون ڈے میں نصف سنچری سے صرف ایک رنز پہلے چسورو کی دوسری وکٹ بنے۔حیدر علی نے جارحانہ بلے باز کرتے ہوئے 29 رنز بنائے، وہ 29 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، محمد رضوان صرف ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے، اس سے قبل راولپنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوین ٹیم کے کپتان چبھابھا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا اور چبھابھا صرف 6 رنز بنا کر حارث رئوف کا پہلا ون ڈے شکار بن گئے، 27 کے مجموعی سکور پر زمبابوے کی دوسری وکٹ گری اور کریگ ارون 3 رنز بنا کر موسی کی پہلی ون ڈے وکٹ بنے، 59 رنز کے سکور پر چھاری 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، برینڈن ٹیلر اور سین ولیمز نے چوتھی وکٹ کے لیے 61 رنز جوڑے اور 25 اوورز تک زمبابوے کی ٹیم نے 120 رنز سکور کیے جس کے بعد افتخار احمد نے برینڈن ٹیلر کو 36 رنز پر پوویلین چلتا کیا، مادھیویرے بھی 10 رنز بنا کر افتخار احمد کا شکار بنے جنہوں نے سکندر رضا کو 2 رنز پر اپنی ہی گیند پر کیچ لیکر پوویلین بھیجا، چسورو بھی 7 رنز بنا کر افتخار کا چوتھا شکار بنے جنہوں نے 75 رنز بنانے والے ولیمز کو پوویلین بھیج کر اپنی 5ویں وکٹ حاصل کی۔موزاربانی 17 اور ممبا ایک رن بنا کر آئوٹ ہوئے اور زمبابوے کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 206 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے افتخار احمد نے 5 ، موسی نے 2 جبکہ حارث رؤف، فہیم اشرف اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ لی۔ اس میچ میں پاکستانی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، وہاب ریاض اور حارث سہیل کی جگہ حیدر علی اور موسیٰ خان ڈیبیو کر رہے ہیں۔