پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعہ کی رات دیر گئے اس بات کی تصدیق کی کہ ایک کھلاڑی جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ، کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے، اس کھلاڑی میں کورونا کی علامات سامنے آئی تھیں جس کے بعد وہ قرنطینہ میں رہ رہے تھے،یہ اعلان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے آغاز سے ایک رات قبل کیا گیا۔
پی سی بی نے ایک میڈیا ریلیز میں کہا کہ وہ کھلاڑی اب 10 دن تک قرنطینہ میں رہیں گے اور 2 منفی ٹیسٹ آنے کے بعد ہی انہیں دوبارہ دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ ملنے کی اجازت دی جائے گی ۔ دریں اثناء ایک اور کرکٹر اور ایک فرنچائز کے عہدیدار نے نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کی جس کے بعد انہیں 3 دن کے لئے قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔
پی سی بی نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں افراد کو دوبارہ بائیو سیکیور ببل میں داخلے کے لیے اپنے قرنطینہ کے 3 دن میں 2 ٹیسٹ منفی آنے کا انتظار کرنا ہوگا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی کو مایوسی ہوئی کہ ایک ٹیم کے 2 ارکان نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا اور کسی ایسے شخص سے رابطے میں آکر بائیو سیکیور بلبل پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جو بلبل کا حصہ نہیں تھا۔
بورڈ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پی ایس ایل 2021ء سے وابستہ تمام افراد کی صحت اور حفاظت پی سی بی اور اس ایونٹ کے لئے خاصی اہمیت کا حامل ہے۔ پی سی بی کا مزید کہنا تھا کہ تمام کھلاڑیوں ، پلیئر سپورٹ اہلکاروں ، میچ آفیشلز اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ کو ایک بار پھر پی سی بی کوویڈ 19 پروٹوکول کی مستعدی سے پیروی کرنے کی یاد دلا دی گئی ہے کیونکہ پی سی بی کسی کو ٹورنامنٹ کی سالمیت اور ساکھ کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔