جھاڑ کھنڈ (ویب ڈیسک) بھارت میں آن لائن کلاس لینے کیلئے پھل بیچ کر موبائل فون کیلئے رقم جمع کرنے والی طالبہ سے بزنس مین نے درجن آم سوا لاکھ میں خرید کر ضرورت پوری کردی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق جھاڑکھنڈ کے علاقے جمشید پور میں 11 سالہ طالبہ کو آن لائن کلاس لینے کیلئے سمارٹ موبائل فون کی ضرورت تھی تاہم والدین موبائل فون خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے تھے جس پر بچی نے پھل بیچ کر اپنی ضرورت پوری کرنے کی ٹھانی۔ پانچویں جماعت کی طالبہ تلسی کماری پھل تو فروخت کرنے لگی تاہم اس سے ہونے والی آمدنی گھر کے راشن میں صرف ہوجاتی تھی۔

تلسی کماری کی یہ کہانی ایک صحافی نے سوشل میڈیا پر وائرل کردی جسے ممبئی کے ایک بزنس مین نے پڑھا اور تلسی کو خطیر رقم بھیجوا دی تاہم تلسی نے امداد کے بجائے پھل خریدنے کی شرط رکھی جس پر بزنس مین نے فی آم دس ہزار روپے کے حساب سے درجن آم خرید لیے ۔