برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

صورتِ حال زائچے کے مطابق آپ کے حق میں شاندار ہوتی جا رہی ہے۔ آپ کو جو بھی رکاوٹیں پیش آ رہی تھیں۔ ان کا اب خاتمہ ہو گیا ہے۔ بس اللہ پاک کا نام لے کر جس کام میں ہاتھ ڈالیں گے اس میں کامیابی ملنے کے امکانات روشن ہیں ۔یہ ہفتہ روز گار میں بہتری، عزت میں اضافے، کاروباری معاملات کو بہتر کر رہا ہے۔ خواہشمند افراد کے رشتے کی بات بھی طے ہونے کا واضح امکان دکھائی دے رہا ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

جس روز دل کے معاملات آپ کے قابو میں آ گئے اور آپ نے سمجھ لیا کہ جو تقدیر میں لکھا ہے وہ مل کر ہی رہے گا اور اسی پر صبرو شکر سے کام لیا اس دن آپ کا کیا مقام بن جائے گا یہ صرف اللہ پاک ہی جانتے ہیں فی الحال تو آپ اپنے موقف سے ایک قدم بھی پیچھے ہٹ جانے کو تیار نہیں ہیں۔ جو اپنے پاﺅں پر کلہاڑی مارنے کے برابر ہے۔ صرف اپنی اصلاح کر لیں اور قسمت کو اپنی طرف مائل کریں۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

تمام کام سیدھے ہونے کے بجائے الٹے ہو رہے ہیں، جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ جیسے ہر چیز بلاک ہو کر رہ گئی ہو۔ ان دنوں صدقے سے کام لینا ہے۔ سچے دل سے توبہ کرنی ہے اور استخارے کی مدد سے چلنا بے حد ضروری ہے۔ جو لوگ الٹے سیدھے کاموں میں پڑے ہیں وہ فوراً سیدھی راہ پر آ جائیں اور جن لوگوں نے صرف روز گار کی طرف دیکھنا ہے وہ ساری توجہ اس طرف ہی دیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

صورتِ حال مسلسل غیر یقینی سی چل رہی ہے کوئی کام بھی سیدھا ہونے کا نام نہیں لیتا ہر طرف سے مایوسی کی کیفیت بن رہی ہے۔ جو لوگ رجوع الٰہی رکھیں گے، ذکر کرتے رہیں گے اور اپنے دل کو بھی صاف رکھیں گے، و ہی کامیاب رہیں گے، حقوق العباد کے معاملے کو سب سے پہلے چیک کریں اس جگہ کوئی بڑی غلطی وجہ بنی ہوئی دکھائی دیتی ہے غور کریں۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

گولڈن دن چل رہے ہیں۔ آپ کو اس سے پوری طرح فائدہ اٹھانے کی اشد ضرورت ہے اور جو بھی پیشکش آئے اس کو اپنے ہاتھوں سے مت جانے دیں، روز گار کی تلاش ختم ہو گی۔ خواہشمند افراد کے رشتے کی من پسند جگہ بات طے ہو سکے گی۔ جو لوگ کسی سے عرصہ دراز سے ناراض تھے، ان کے درمیان صلح کا امکان روشن ہے اور ایک بڑی ضرورت بھی پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

یورنیس اور قمر دونوں ان دنوں زائچے میں موجود ہیں جو اپنی جگہ سے تبدیلی کے ناصرف اشارے دے رہے ہیں بلکہ پوری طرح اس پر زور بھی لگا رہے ہیں ۔اللہ نے چاہا تو یہ تبدیلی آپ کے حق میں نہایت کامیاب رہے گی۔ عرصہ دراز کے بعد ایسا وقت آ رہا ہے جو آپ پر مہربان ہے۔ ان دنوں کاروباری حضرات کے لئے بھی اچھا وقت ہے۔ مزید سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں، بلاک رقم واپس بھی ملے گی۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

اللہ ہے نا بس اس بات کو ذہن نشین کر لیں پھر کس بات کی فکر ہے، آپ کے پیدا ہونے اور مرنے تک جو رزق نصیب میں لکھا ہے وہ اللہ نے ضرور دینا ہے آپ کیوں پریشان رہتے ہیں۔ ہر بات پر غصہ۔ یہ کیسے چلے گا؟ پہلے ہی آپ اپنوں کو کھو بیٹھے ہیں اور کتنے رشتے خراب کریں گے۔ اس وقت آپ کو عقل اور زمانے کے حساب سے چلنے کی ضرورت ہے۔ بے وقوفی والا دور اب گزر چکا ہے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

جب دن اچھے چلتے ہیں، تب آپ کے دماغ میں فضول خیالات آ جاتے ہیں اور آپ سیدھے راستے سے ہٹ جاتے ہیں اور بے کار کے کاموں میں لگ جاتے ہیں۔ آپ کو وارننگ ہے کہ اب آپ نے اتنا اچھا وقت ضائع کیا تو پھر شاید برسوں انتظار کرنا پڑے۔ آپ اس وقت کو اپنے ہاتھوں سے مت جانے دیں، اچھی پیشکش ملنے والی ہے، قبول کر لیں اور ان دنوں جو بھی خواب آئیں ان کو اپنے لئے استخارہ ہی سمجھیں۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

کچھ دن ہیں آپ کو کسی جانب سے بڑی رقم کا حصول ممکن ہو سکتا ہے ۔ آپ اس کو ہاتھوں سے مت جانے دیں ۔پرائز بانڈ کی خریداری بھی کر سکتے ہیں۔ اپنے کام میں مزید سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں اور کسی کے ساتھ مل کر نیا کام بھی شروع کر سکتے ہیں۔ عرصہ دراز سے مناسب رشتے کے انتظار میں بیٹھے ہوئے اب بڑی خوشخبری سن سکیں گے۔ اس سلسلے میں ساری بندش اب ختم ہو گئی ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

روزگار کا خانہ دن بدن اچھا ہوتا چلا جا رہا ہے، جو لوگ ان دنوں فضول کام چھوڑ کر صرف اپنے روز گار پر توجہ دیں گے، ان کے وارے نیارے ہیں، ان دنوں ملازمت کی تلاش بھی ختم ہو گی۔ گھر میں نئی خوشخبری آئے گی۔ دوسروں کے ساتھ تعلقات میں بہتری کسی بڑے کام کو آپ کے حق میں کرنے میں مدد گار ہوگی ۔ چھوٹی بڑی رقم آپ کے ہاتھ بھی لگ سکتی ہے، ان شاءاللہ۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

آپ اپنے دماغ سے الٹے سیدھے خیالات کا بوجھ نکال دیں۔ اس وقت تمام قسم کی بندش سے آزاد ہیں۔ کوئی بندش و رجعت نہیں ہے۔ بس اللہ پاک کا نام لے کر اپنے مقصد کی جانب پیش قدمی کریں، امید ہے کہ آپ کو کامیابی ملے گی اور یہ بھی امید ہے کہ کوئی بڑی رقم ہاتھ لگ سکتی ہے۔ نیا رشتہ بھی طے ہونے کے امکان ہیں، اولاد کے حوالے سے اہم خوشخبری بھی ہے۔ ان کے مستقبل میں اب کوئی ٹینشن نہیں ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

قانون کا خانہ اب آپ کے حق میں کھلا ہوا ہے آپ کو اس سلسلے میں جو بھی پریشانی تھی وہ اب ختم ہو جائے گی۔ انکوائری مقدمے میں پھنسے ہوئے آزاد ہوں گے۔ جیل میں بند افراد رہا ہو سکتے ہیں۔ نوکری میں بہتری اور من پسند جگہ تبادلے کا امکان بھی ہے۔ مالی پریشانی کے شکار لوگ بھی حیران کن طریقے سے بہتری حاصل کر سکیں گے۔ جو لوگ بیمار ہیں وہ سچی توبہ سے کام لیں ۔