برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

آپ کی ایک مشکل اب بھی برقرار ہے اور آپ اس میں کافی ٹینشن محسوس کر رہے ہیں ابھی چار یوم اس میں گزر سکتے ہیں، اس لئے صبر سے اور نہایت ہی حکمت عملی سے کام لینا ضروری ہے، ان لوگوں سے بھی دور رہنے کی ضرورت ہے جو ماضی میں آپ کو تنگ کرتے رہے ہیں ابھی بھی ان کی طرف سے خطرات محسوس ہو رہے ہیں، بلا وجہ کے جھگڑے کا بھی اندیشہ رہے گا صدقہ دینا ضروری ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

جن لوگوں نے کافی عرصے سے سخت مالی مشکلات کا سامنا کیا ہے بحکم اللہ وہ اب تیزی سے بہتری میں آتے جائیں گے خاص طور پر ان کے مالی معاملات میں کافی بہتری آئے گی اور ضرورتیں پوری ہوتی جائیں گی اس وقت اولاد کا خانہ آپ کی سخت توجہ مانگ رہا ہے، اندیشہ ہے کہ وہ آپ کو کسی مشکل میں نا ڈال دے۔ صورت حال کے مطابق قدم اٹھائیں اور غلطی کی گنجائش نہیں ہے ،دوست بن کر مسئلہ حل کریں۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

آپ کو ان لوگوں سے تکلیف ملی ہے جن کے لئے آپ نے زندگی میں بہت قربانیاں دی ہیں اور جس بھی طرف سے ایسا ہوا ہے، آپ بار بار اس طرف ہی جاتے ہیں پھر چوٹ کھا کر باز نہیں آتے۔ اب اپنے بارے میں سوچیں۔ ان لوگوں سے دور رہیں اور اپنی زندگی کو نئے انداز سے شروع کریں، ابھی وقت ہے سنبھل جائیں ، اس ہفتے روز گار کو بھی دیکھیں اور اپنے گھر میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے پر غور کریں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

اب معاملات خراب سے خراب ہوتے جا رہے ہیں، آپ کو جس طرف سے پریشانیاں آ رہی ہیں، آپ بھی بار بار اسی طرف جاتے ہیں جو بڑی سخت خطرناک بات ہے، اگر باز نہ آئے تو بڑی پریشانی میں آسکتے ہیں، اپنے ہی دشمن ہو رہے ہیں، گھر میں بھی دوسروں کی وجہ سے مشکلات بڑھ رہی ہیں، خاموشی اختیار کریں، برداشت کریں اور صدقہ دیں۔ ابھی آپ کا ان سے دور رہنا ہی بہتر رہے گا۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ کو جو لوگ کسی قسم کی آفر کر رہے ہیں ان کی باتوں پر توجہ دے کر اپنے موجودہ کام میں مشکلات پیدا نہ کریں، کسی قسم کی لالچ میں نہ آئیں ابھی جہاں پر ہیں، وہیں ٹھیک ہیں اور اس ہفتے مالی طور پر بہتری کی طرف جا رہے ہیں جس کام کے ہونے کی امید نہیں تھی، وہ بھی ہو جائے گا۔ ان دنوں سفر کا پروگرام کینسل ہوگا اور ملازمت پیشہ افراد کے تبادلے کی امید ہے۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

ایک خوف سر پر سوار ہے آپ کو ان شاءاللہ کچھ نہیں ہوگا لیکن صدقہ دینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ رجعت بھی نہ ہو سکے۔ اس وقت خاص ضرورت کے لئے رقم کا بندوبست بھی ہو سکتا ہے اور جو کاروبار بالکل ختم ہونے کے قریب ہے، اب بحکم اللہ دوبارہ چل پڑے گا ۔ اس بار سابقہ تمام نقصانات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا۔ یہ ہفتہ زندگی کے کچھ امور میں تبدیلی بھی لا سکتا ہے۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

اللہ پاک بڑے مہربان ہیں، دوسروں کے سامنے دست سوال دراز کرنے کے بجائے صرف اللہ پاک سے ہر طرح کی مدد مانگیں، وہ دعائیں قبول فرمائیں گے اور جس مشکل میں ہیں اس سے صرف اللہ ہی نکال سکتے ہیں۔ زائچہ بتا رہا ہے کہ نظر بد ہو سکتی ہے اور آپ جب گھر میں رہیں گے تو خود کو بیمار بیمار محسوس کریں گے۔ گھر سے باہر ٹھیک رہیں گے اس لئے سب سے پہلے نظر بد ختم کریں ، اس کے لئے توبہ سے بھی کام لیں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

حقوق العباد کے حوالے سے کئی مقامات پر غلطیاں ہوئی ہیں جس کا شاید آپ کو اندازہ بھی نہیں ہے۔ حالات میں خرابی اسی وجہ سے لگتی ہے، توبہ کر کے اپنے معاملات ٹھیک کریں اور جن کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ان سے معافی مانگیں، آپ کی انا درمیان میں نہیں آنی چاہئے۔ اللہ سے امید ہے کہ وہ آپ کے سارے معاملات سیدھے کر دیں گے اور مشکلات سے نکال کر آسانیاں پیدا فرما دیں گے، آمین۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

آپ کو کس طرف سے فائدہ ہوتا ہے یہ اللہ بہتر جانتے ہیں، مگر یہ ہفتہ کئی حوالوں سے فائدہ ملنے کا بھی ہے، آپ کی جو بھی پریشانیاں اور مشکلات ہیں وہ تیزی سے کم ہوں گی، پیسہ بھی مل سکتا ہے اور گھر میں جو کشیدگی تھی اس میں بھی کمی آئے گی، البتہ اولاد کا خانہ شدید توجہ مانگ رہا ہے۔ آپ کسی مشکل میں آ سکتے ہیں، فوری طور پر اس طرف توجہ دیں تاکہ وقت سے پہلے ہی حالات بہتر ہو جائیں۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

اللہ پاک نے چاہا تو یہ ہفتہ آپ کے لئے بہت سے معاملات میں بہتری کا پیغام لے کر آیا ہے، آپ جس کام میںبھی ہاتھ ڈالیں گے، اس کے ہونے کے امکانات روشن ہیں مالی معاملات خاص طور پر بہتر ہو سکیں گے، آپ کو چاہئے کہ اپنی زیادہ توجہ روز گار پر دیں، دوسرا صحت پر خاص توجہ دینے کی ضرورت بھی ہے۔ اس میں آپ کی پوری فیملی جکڑن کا شکار ہے۔ روحانی حل بھی ضرور کریں۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

اللہ نے چاہا تو ایک اہم معاملے میں پیش رفت ہو سکتی ہے۔ اس سے آپ کو بڑا فائدہ حاصل ہوگا۔ آپ کسی بھی پریشانی کا شکار تھے، ان شاءاللہ اس سے نکلنے میں کامیاب ہونگے اور ضرورت کے تحت رقم بھی ہاتھ میں آئےگی، اس وقت گھر میں وراثت کا معاملہ بھی سامنے آ سکتا ہے، جوائنٹ فیملی والے اب الگ رہائش کے بارے میں پروگرام بنا سکتے ہیں، تبدیلی ہونے والی ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

ایک کے بعد ایک مشکل پیش آ رہی ہے۔ اس وقت صورت حال آزمائشی بنی ہوئی ہے کسی مقام پر غلطی ہوئی جو آپ کو تنگ کر رہی ہے، اس کو آپ نے خود تلاش کرنا ہے اور ان معاملات سے دور رہنا ہے جو غیر ضروری اور نا جائز بھی ہوں آپ کو شاید اندازہ نہیں آج کل میں معمولی سی غلطی بھی وبال جان بن سکتی ہے۔ فوری استخارے کی مدد لینے اور صدقہ دینے کا مشورہ بھی ہے۔