برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

ان دنوں آپ کو مالی معاملات میں کافی مشکلات کا سامنا ہے ۔اخراجات کا توازن بھی کافی بگڑا ہوا ہے جوکنٹرول میں نہیں آ رہا۔ آپ کو پلاننگ کے ساتھ چلنا ہوگا اور تمام حالات کا از سر نو جائزہ لے کر پھر کوئی قدم اٹھانا ہوگا۔ یہ ہفتہ آپ کی زندگی میں کوئی تبدیلی لانے کا بھی سبب بن سکتا ہے جس کام میں دوسروں کی وجہ سے رکاوٹیں تھیں، وہ بھی اب ان شاءاللہ دور ہو جانے کی امید ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

وارثت کے حوالے سے اب آپ کو تھوڑی سی ہمت کرنا ہوگی اور جو آپ کا حق ہے اس کے لئے بھی قدم اٹھانے کی ضرورت ہے۔ اللہ پاک ساتھ دیں گے، ان شاءاللہ، ویسے بھی اب آپ کو ضرورت بھی ہے، مالی حوالے سے مضبوط ہونے اور پھر الگ سے رہائش بنانے کی ۔ اپنوں کی مخالفت والا خانہ کھلا ہوا ہے۔ آپ نے اگر اس حوالے سے جذباتی پن اور غصے سے کام لیا تو پھر سارے ہی آپ کے دشمن بن جائیں گے۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

خاندانی امور میں مختلف قسم کی دشواریوں کا سامنا ہے، آپ کو ان سے ہر ممکن دور رہنے کا مشورہ ہے جو لوگ عرصہ دراز سے روزگار کی تلاش میں تھے یا اس کو بدلنا چاہتے ہیں، وہ اللہ پاک کا نام لے کر قدم اٹھائیں، ان شاءاللہ ان کو کامیابی ملے گی کاروباری حضرات بھی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں جو لوگ سفر کی تیاری میں ہیں وہ ابھی مکمل طور پر ذہن مت بنائیں۔ کچھ رکاوٹ تو موجود ہے ابھی۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آپ جس بھی مسئلے کا شکار ہیں، اس کو حل ہونے میں 14یوم درکار ہیں۔ آپ کو صبر و تحمل سے کام لینا ہوگا اور کوشش کرنی ہے کہ خاموشی اختیار کی جائے۔ خود پر یا دوسروں پر غصہ نکالنے میں کوئی فائدہ نہیں، معاف کرنے یا معافی مانگنے سے اللہ تو راضی ہوگا۔ بس اس کو راضی کرنا ہے۔ آپ کا جو گھر میں فرض ہے، اس کو آپ نے ہی ادا کرنا ہے،یہ آپ کی ذمہ داری ہے۔ اس سے مت بھاگیں۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ آج کل جس چکر میں ہیں۔ اس سے باہر نکلیں آپ کے لئے یہ مناسب نہیں ہے۔ آپ جو چاہ رہے ہیں ویسا ہوتا تو دکھائی نہیں دے رہا۔ البتہ اس سے اچھی شکل میں کچھ سامنے ضرور آ سکتا ہے جو لوگ شاٹ کٹ راستہ اختیار کریں گے ،وہ پچھتائیں گے۔ توبہ کریں اور سیدھے راستے پر آجائیں۔ اپنے دل کو بھی قابو میں رکھیں۔ اس وقت وہ جس سمت میںجا رہا ہے، اس میں بھی بڑے خطرے ہیں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

آپ کے لئے یہ ہفتہ بحکم اللہ بہتری لایا ہے۔ آپ جس مقصد کے لئے بھی قدم اٹھانا چاہتے ہیں ،وہ اٹھا سکتے ہیں، ان شاءاللہ کامیابی ملے گی۔مگر اس بات کو بھی ذہن میں رکھیں کہ آج کل آپ کافی حد تک خود کو اکیلا محسوس کریں گے۔ زندگی کی یہ جنگ لگتا ہے آپ نے خود ہی لڑنی ہے، مخالفین آپ کے سامنے کھڑے ہیں۔ عزت بچا لیں یا پھر میدان میں اتر آئیں، فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔

 

 

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ کیوں ہر بات سے پریشان ہو جاتے ہیں، اپنے معاملات اللہ پاک پر چھوڑ دیں وہ ہر مشکل سے پہلے بھی آپ کو نکال چکا ہے اور اب بھی نکال دے گا ان دنوں آپ کچھ دکھی سے لگتے ہیں اور دلی طور پر کمزوری محسوس کررہے ہیں۔ ان حالات میں صدقہ دیں اور ذکر الٰہی کریں۔باوضو بھی رہا کریں۔ اولاد اور گھر آپ کی ذمہ داری ہے۔ اس سے مت بھاگیں۔ آپ کا جوفرض بنتا ہے۔ اس کو ضرور ادا کریں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

ان دنوں آپ کو کسی غیر متوقع مقام سے مدد ملنے کا امکان ہے ،جو سلسلے رک گئے تھے، ان کے بھی دوبارہ کھلنے کی امید ہے۔ مالی طور پر فائدہ مل سکتا ہے ہر طرح کی بندش وغیرہ سے نجات حاصل ہوگی۔ جو لوگ اس کے باوجود کہ زائچہ اچھا ہے جکڑن محسوس کررہے ہیں وہ استخارہ کریں تاکہ صورت حال واضح ہو سکے۔ اس وقت کاروبار اور روزگار پر توجہ دینا بھی بے حد ضروری ہو گیا ہے۔

 

 

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

حالات میں خاطر خواہ تبدیلی و بہتری کے امکانات ہیں۔ آپ کافی دنوں سے جن مشکلات کا شکار تھے۔ اب ان سے نجات ملنے والی ہے اور خاص طورپر مالی معاملات میں بہتری ہو سکتی ہے جو لوگ کسی کی محبت میں گرفتار ہیں، وہ اپنی منزل نہیں پا سکتے۔ یہ بڑا مشکل کام ہے خود ہی پیچھے ہٹ جائیں جو لوگ شرارتیں کررہے ہیں وہ اپنے ساتھ زیادتی کریں گے، بدنامی مل سکتی ہے، البتہ خواہشمند افراد کے رشتے کی بات ہو سکتی ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

آپ خود کو جس مشکل کا شکار سمجھ رہے ہیں۔ اس سے نکلنے کے ان شاءاللہ کوئی اسباب بن سکتے ہیں اور جو لوگ بندش جادو ٹونے وغیرہ میں کافی عرصے سے آئے ہوئے تھے تو سمجھ لیں کہ آپ پر جس نے وار کیا تھا۔ طاقتور ستارہ زائچے میں آنے سے وہ پلٹ کر ان کی طرف ہی چلا جائے گا اور وہ بے حد کمزور ہو جائیں گے لیکن آپ کا برج ان دنوں اکیلا بھی ہو گیا ہے۔ یعنی اپنوں سے دوری کا امکان بھی ہے۔

 

 

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

سفر کا خانہ دوبارہ بند ہو گیا ہے جو خواہشمند تھے، اب صبر کریں ابھی کچھ عرصے تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے جن لوگوں نے اپنا کام شروع کرنا ہے وہ بھی خیال سے چلیں۔ شائد ابھی وقت مناسب نہیں ہے۔ اس وقت آپ کو صرف موجودہ کام پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ اسی میں کامیابی ہے۔ اولاد کی طرف سے لاپروائی مت کریں کہ آپ کو اس حوالے سے کوئی بہت پچھتاوا ہو۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

اللہ پاک نے چاہا تو آنے والے دن اچھے ہوں گے، آپ کی ہمت ہے کہ آپ نے بڑا سخت وقت گزارا ہے۔ کوئی اور ہوتا تو نہ جانے کیا کر بیٹھتا۔ اب نقصانات کے ازالے کا وقت بھی ہے اور مالی معاملات میں تیزی سے بہتری آنے کا بھی۔ جو لوگ نیا کام شروع کرنا چاہتے ہیں وہ کرسکتے ہیں اور جن لوگوں نے نوکری کے لئے کوشش کرنی ہے ،وہ ضرور کریں،ان شاءاللہ اپنے مقاصد میں جلد کامیاب بھی ہو سکتے ہیں ۔