ایک ہی ہفتے میں دوسری بار فیس بک ، انسٹاگرام اور فیس بک میسنجر کچھ صارفین کیلئے ڈاؤن ہوگئے۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے حوالے سے کہا ہے کہ رات کو 11 بجے 20 ہزار کے قریب لوگوں نے شکایت کی کہ ان کیلئے انسٹاگرام کی سروسز بند ہوگئی ہیں۔ اسی وقت قدرے کم لوگوں نے یہ شکایت کی کہ انہیں فیس بک کے استعمال میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اس خرابی نے فیس بک میسنجر کو زیادہ متاثر نہیں کیا اور صرف 800 کے قریب لوگوں نے ہی اس کے نہ چلنے کی شکایت کی ۔
پاکستان میں بھی سوشل میڈیا صارفین کو انسٹاگرام چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے جس کے بعد لوگ ٹوئٹر پر اس حوالے سے اظہارِ رائے کر رہے ہیں۔ پاکستان میں ٹوئٹر پر “انسٹاگرام ڈاؤن” کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
فیس بک میں یہ خرابی ایک ہی ہفتے میں دوسری بار سامنے آئی ہے۔ چار روز قبل فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی سروسز پوری دنیا کیلئے بند ہوگئی تھیں۔ سات گھنٹے تک پوری دنیا میں فیس بک کا بلیک آؤٹ رہا جس کی وجہ سے دنیا بھر کے صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔