برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
مالی طور پر کافی دنوں سے مشکلات سے گزر رہے ہیں اور اس سے نکلنے کا راستہ بھی دکھائی نہیں دے رہا، مگر اب اللہ نے چاہا تو غیر متوقع سلسلے تمام صورت حال کو بدل دیں گے اور آپ کے لئے زندگی اب نئے انداز سے شروع ہو گی۔ جو لوگ فضول کاموں کو چھوڑ کر اس سے فائدہ اٹھا لیں گے، ان کے وارے نیارے ہیں، ورنہ پھر پچھتاوا۔ اولاد کے حوالے سے بھی کوئی اچھی خبر مل سکتی ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
بندش وغیرہ بالکل نہیں ہے، قدرتی طو ر پر مشکلات میں آئے ہوئے ہیں، جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں ناکامی ملتی ہے۔ اس کا مطلب ہے۔ اب دعا بھی سچی توبہ کر ہی کے کرنی ہے اور آئندہ کے لئے سیدھے راستے پر چلنا ہے تو سمجھ لیں کہ ساری مشکلات بھاگ جائیں گی اور زندگی میں آسانیاں ملنے کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ یہ ہفتہ اور بھی کئی حوالوں سے شاندار ہی رہے گا۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
رشتے داروں کے معاملات کو چھوڑ کر کاش آپ اپنے روز گار اور مستقبل پر توجہ دیں تو صورت حال ہی کچھ اور ہو گی۔ آپ کو ان دنوں مالی طور پر مضبوط ہونا ہے تو اپنی زندگی کے ہر معاملے کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔جو لوگ بیماری سے پریشان ہیں یا کسی قسم کے اثرات میں آئے ہوئے ہیں، ان کو ان شاءاللہ اب اس سے نجات ملنے کا امکان نظر آتا ہے۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ کی قرض وغیرہ کے حوالے سے ان شاءاللہ پریشانی کم ہو گی اور جس مقصد کے لئے بھی رقم درکار ہے اس کا بندوبست ہو جائے گا، جو لوگ عرصہ دراز سے اپنی جگہ وغیرہ تبدیل کرنے کی کوشش میں ہیں، ان کو کامیابی ملے گی۔ اس وقت جو لوگ اپنا نیا کام شروع کرنا چاہتے ہیں، ان کو ضرور کرنا چاہئے ،اچھا رہے گا اگر اکیلے کریں گے تو زیادہ فائدہ حاصل ہوگا، بس قدم اٹھائیں۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
آپ کی ایک کوشش کامیابی دلا سکتی ہے، جو لوگ عرصہ دراز سے اپنی جگہ کو تبدیل کرنے کے خواہشمند تھے وہ بھی بسم اللہ کریں، ان کو بھی بحکم اللہ آسانیاں ضرور ملیں گی۔ آپ کسی بندش وغیرہ کا شکار نہیں ہیں، اس وہم کو اپنے دماغ سے نکال دیں اور کوشش کریں کہ پانچ وقت کی نماز پابندی سے پڑھی جائے اور یا حیٰ قیوم کا ورد بھی زبان سے جاری رہے، میرا اللہ سب اچھا ہی کرے گا۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
آپ کے لئے اس ہفتے کئی مشکلات سے نجات کی خبریں ہیں، جن کاموں میں رکاوٹوں کا سلسلہ جاری تھا، ان شاءاللہ تعالیٰ وہ بھی ختم ہو جائیں گی۔ آپ کو بس تمام قسم کے فضول کام چھوڑ کر صرف اپنے روز گار اور مستقبل کی طرف توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ رشتے داروں سے تھوڑا فاصلہ رکھیں، اب تو جس کی بہن ہے ،بس اسی کی بہن ہے،کوئی کزن وغیرہ بھائی نہیں، اپنی عزت کی حفاظت خود کریں۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
آپ مسلسل کئی دنوں سے صحت کی خرابی کا شکار چلے آ رہے ہیں، اس وقت صدقہ دینے کی بھی اشد ضرورت ہے، اپنی نظر بھی اتاریں اور زبان بندی بھی کریں، دوسروں کے سامنے زیادہ اوپن ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ویسے بھی آپ اب اکیلے ہوتے جا رہے ہیں۔ جو رشتے رہ گئے ہیں ان کو بچانے کی کوشش تو کر سکتے ہیں۔ جن لوگو ںنے تنگ کر رکھا تھا ،وہ بھی اب خودبخود بھاگ جائیں گے۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
آپ جس کام کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، وہ کام ہو جائے گا، مگر تھوری سی رکاوٹ ہے، جو امید ہے کہ ایک دو دن میں دور ہو جائے گی۔ ان دنوں مالی طور پر جو سلسلہ بن سکتا ہے، اس کو حکمت عملی سے لے کر چلنے کی ضرورت ہے، پھر دیکھیں کیسے موجیں ہوتی ہیں۔ کاروباری حالات شاندار ہوں گے۔ قرض وغیرہ سے نجات ملے گی اور ملازمت کرنے والوں کے لئے تبادلے و ترقی کے امکانات ہیں۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
خواہشمند افراد کو من پسند جگہ تبادلے کی خبر مل سکتی ہے اور جو لوگ کسی ذاتی کام کو آگے بڑھانے کی کوشش میں ہیں، وہ کامیاب ہوں گے۔ عرصہ دراز سے رشتے وغیرہ کے انتظار میں بیٹھے ہوئے افراد کو خوشخبری مل سکتی ہے، جن افراد نے نوکری کی درخواست دی ہے وہ منظور ہو سکتی ہے۔ گھر میں جاری جس کشیدگی و نحوست کا سامنا تنگ کر رہا تھا، وہ آج شام سے ختم ہو جائے گا اور پورا ہفتہ شاندار رہے گا۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
پراپرٹی و وراثت کے امور میں اہم پیش رفت ہو سکتی ہے اور جس طرف سے رقم کے آنے کی امید لگا رکھی تھی، وہ بھی پوری ہو گی، صحت کا سلسلہ بھی ان شاءاللہ بہتر ہوگا۔ آپ کو اپنوں کی جانب سے جس مخالفت کا سامنا تھا، وہ بھی اب کم ہوگا، مگر ایک پرانا راز کھل کر آپ کے سامنے ضرور آئے گا، جو آپ کو ٹنشن میں رکھے گا۔ غصہ پی جائیں گے تو مزید خرابیوں سے بچ سکتے ہیں۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
پریشانیاں دن بدن کم ہوتی جا رہی ہیں، اللہ نے چاہا تو اچھے دنوں کے آغاز کا وقت بھی آ گیا ہے، اب کھل کر اپنے مقاصد کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں۔ بندش جادو ٹونے اور دیگر اثرات سے بھی نجات ملے گی ،جو لوگ یہ سب کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے تھے، وہ خود اس مشکل میں آ جائیں گے، آپ روز گار پر توجہ دیں اور جس کا حق دینا ہے اس کو دے کر فارغ کریں۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
ان دنوں مشتری اور شمس کا حسین ملاپ عزت، دولت، شہرت میں بہترین قسم کے اضافے کا سبب بنے گا اور وہ لوگ جو کسی بھی قسم کی مشکلات میں کیوں نہ ہوں، وہ اس سے آزاد ہو جائیں گے۔ ترقی کا امکان ہے اور عزت میں اضافہ دوسرے کی نظروں میں افضل کرے گا ان شاءاللہ، جس طرف سے رقم ہاتھ میں آنے کی امید تھی، اب وہ بھی پوری ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔