برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
یہ ہفتہ آپ کی مشکلات میں واضح کمی لائے گا۔ کافی دنوں سے آپ کو جن پریشانیوں نے گھیرے رکھا تھا، اب وہ روزانہ کے حساب سے ختم ہونا شروع ہو گئی ہیں، آپ کو خود اندازہ ہو جائے گا کہ یہ ہفتہ کاروباری حضرات کے لئے زبردست رہے گا، سابقہ نقصانات کا ازالہ بھی ممکن ہو سکے گا اور بلاک رقم کی واپسی بھی ممکن دکھائی دے رہی ہے۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
بدنظری والی کیفیت تنگ کر رہی ہے، اس کی وجہ سے جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں اس میں ناکامی ملتی ہے، آپ سب سے پہلے اپنی نظر اتاریں اور کالے ماش کا صدقہ دیں، دو بھوکوں کو کھانا بھی کھلائیں۔ اور یا حی یا قیوم کا ورد بھی کرتے رہا کریں، یہ ہفتہ محتاط انداز سے گزارنا ہے، فالتو اور رسکی کاموں سے دور رہنا ضروری ہے۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
دوہری شخصیت کا حامل شخص ان دنوں آپ کے بہت قریب ہے، آپ کو بے حد ہوشیار رہنا ہوگا ….جس طرف سے تھوڑا سا بھی خطرہ محسوس کریں، اس طرف سے دور ہو جائیں، یہ ہفتہ مالی معاملات میں بحکم اللہ بہتری لائے گا۔ کاروباری حضرات اور نوکری پیشہ افراد دونوں کو فائدہ ملے گا، بس دل کے معاملات کو اپنے قابو میں رکھیں۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
آپ نے بڑی مشکل دیکھی ہے، عرصہ ہو گیا ہے خوشیوں کا منہ دیکھے ہوئے، اب حالات بدلنے شروع ہو رہے ہیں۔ آپ کی ساری پریشانیاں اب ختم ہو جائیں گی، اپنوں اور غیروں دونوں میں جو مخالفت کر رہا ہے، وہ بھی سامنے آ جائے گا۔ آپ کو اپنی حفاظت کا موقع مل جائے گا ۔وراثتی امور میں اب کچھ ہونے والا ہے جو آپ کے لئے تو بہتر ہی رہے گا۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
جو لوگ کسی بھی ایسے کام میں لگے ہوئے ہیں جس میں ان کو فائدہ حاصل نہیں ہو رہا تو وہ اس کو بدلنے کا سوچیں، کیونکہ موقع بھی ہے اور قسمت بھی ساتھ دے رہی ہے، اب آپ قدم اٹھا سکتے ہیں، کاروباری حضرات کے لئے نادر مواقع ہیں اور ملازمت پیشہ افراد کے تبادلے کا امکان بھی ہے۔ آج کا دن ہی اس کی ابتدا کرے گا اور پورا ہفتہ اچھی خبریں دے گا۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
جو لوگ کافی عرصے سے خود کو بندش وغیرہ میں مبتلا محسوس کر رہے ہیں، وہ اب ان شاءاللہ اس سے آزاد ہوں گے اور اگلے دو تین یوم میں خود ہی اندازہ ہو جائے گا، جب بڑی خوشخبری ملے گی، آج سے عطارد زائچے میں داخل ہوگا تو مالی معاملات میں بھی تیزی سے بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔ چھوٹی بڑی رقم کا حصول بھی غیر متوقع انداز سے ممکن ہوگا۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
صحت کا صدقہ دیں، نظر بد کا اثر بھی معلوم ہوتا ہے، آپ کے علاوہ گھر کے فرد بھی اس میں آئے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اس وقت اگر سات یوم تک دو بھوکوں کو کھانا کھلایا جائے تو بہترین عمل ہوگا۔ آپ ان مسائل سے آزاد ہو جائیں گے، لیکن اس کے باوجود ابھی مشکل کام میں ہاتھ نہ ڈالیں اور زبان بھی بند ہی رکھیں۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
ہر چیز جیسے بلاک ہو کر رہ گئی ہے، جس کام میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں، اس میں ناکامی ملتی ہے، حالانکہ زائچہ بھی اچھی پوزیشن پر ہے، اس کا مطلب ہے کہ آپ کو استخارے سے مدد لینے کی اشد ضرورت ہے تاکہ جس مقام پر گڑ بڑ ہے، وہ واضح طور پر دکھائی دے اور ہم اس کو دور کرنے کا سلسلہ کریں۔ فی الحال روزانہ کے حساب سے صدقے کی ضرورت ہے۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
آپ کی جو بھی پریشانیاں چل رہی ہیں، وہ عارضی ہیں۔ اس وقت ستاروں کی جو صورت حال بن رہی ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ آپ جلد ہی بڑی کامیابی کی جانب سفر شروع کر دیں گے اس لئے جو بھی آفر ملے اس کو اپنے ہاتھ سے مت جانے دیں، کیونکہ اس میں آپ کےلئے بہت کچھ ہے۔ جو لوگ روزگار کی تلاش میں تھے وہ کسی وقت بھی خوشخبری سن لیں گے، ان شاءاللہ۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
آپ اپنی حرکتوں سے باز نہیں آ رہے، دل کو اپنے قابو میں رکھ ہی نہیں رہے، دماغ سے تو کام لیتے ہی نہیں، اندیشہ ہے کہ دشمن اس موقع سے فائدہ نہ اٹھالیں، عزت کا مسئلہ نہ پیدا ہو جائے۔ اس بات کا خاص خیال رہے توبہ کریں۔ انپے معاملات ہر حوالے سے سیدھے کریں۔ حقوق العباد کا معاملہ خاص طور پر چیک کریں۔ جہاں ضرورت ہو وہاں پر معافی مانگ لیں۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
عشق و محبت جیسے معاملات سے دور رہیں اور کسی کے ساتھ ناجائز تعلقات مت بنائیں، ورنہ کسی وقت بھی راز افشا ہو جائے گا اور آپ کسی بڑی مشکل میں پھنس جائیں گے، توبہ کریں اور صرف اپنے روز گار پر توجہ دیں، اس میں آپ کے لئے اب بہت کچھ ہے، صرف آپ کی محنت اور ہمت ہر چیز آپ کے حق میں کر سکتی ہے، جو لوگ بیمار ہیں، وہ بھی شفاءحاصل کریں گے۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
یہ ہفتہ عرصہ دراز کے بعد آپ کے لئے بحکم اللہ آسانیاں لے کر آیا ہے اور کئی مشکلات میں اب تیزی سے کمی واقع ہونا شروع ہو جائے گی۔ جو لوگ اپنے یا اپنی اولاد کے رشتے کے حوالے سے پریشان تھے، وہ کسی وقت بھی اب بڑی خوشخبری سن سکتے ہیں ۔جادو ٹونے وغیرہ سے آزادی بھی مل جائے گی، تعلیمی معاملات میں جاری رکاوٹ بھی اب ختم ہونے والی ہے۔