برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل
یہ ہفتہ بحکم خدا خوشیوں کا پیغام لے کر آیا ہے۔ آپ جن مشکلات کا شکار چلے آ رہے ہیں، ان سے نجات ملے گی اور اگلے مراحل کے لئے آسانیاں بھی ہوں گی۔ اولاد کے حوالے سے لاحق پریشانیاں ختم ہوں گی، روزگار کے حصول میں کامیابی اور بلاک رقم کی واپسی کا امکان ہے۔ جو لوگ ان دنوں قانونی معاملات کا شکار تھے وہ مکھن میں سے بال کی طرح باہر نکل جائیں گے، جیل میں بند افراد آزاد بھی ہو سکتے ہیں۔
برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی
زائچہ اس وقت مکمل طور پر کھلا ہوا ہے، کسی بھی قسم کی رکاوٹ بھی دکھائی نہیں دے رہی۔ صورتحال مکمل طور پر آپ کے حق میں ہے، آپ جو کام کرنا چاہتے ہیں، شروع کر لیں اور اگر ان حالات میں بھی فائدہ نہیں مل رہا تو پھر استخارہ ضرور کریں تاکہ آپ کی پریشانی کی اصل وجہ معلوم ہو سکے ،رجوع الٰہی کریں اور حسب ِتوفیق صدقے کا سہارا ضرور لیں ،یہ فی الحال وقت کی بڑی ضرورت ہے۔
برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون
سخت محنت کی ضرورت ہے۔ آپ کی عدم توجہ اور لاپروائی کی وجہ سے حالات خراب ہوئے ہیں۔ آپ ان دنوں حالات و واقعات کا از سر نو جائزہ لے کر چلیں گے تو ان شاءاللہ صورتِ حال تبدیل ہو جائے گی ۔غیبی انداز میں مدد والا ستارہ حرکت میں ہے، مگر یہ اس وقت ہی ساتھ دے گا،جب آپ ہمت کریں گے۔یہ ہفتہ بحکم خدا آپ کی مدد اور راہنمائی ضرور کرے گا۔ مالی معاملات بہتر ہو جائیں گے۔
برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی
روحانی معاملات کمزور ہیں، یہ نماز کی پابندی کرنے سے ہی بہتر ہوں گے۔آپ کے زیادہ تر کام اسی وجہ سے رکے ہوئے ہیں یا ان میں رکاوٹ آ جاتی ہے۔ رجوع الٰہی کرنا آپ کی روحانی قوتیں اجاگر کر دے گا۔یہ ہفتہ محنت طلب اور اپنے تعلقات کے استعمال کا ہے ۔وہ شخص بھی کام آ سکتا ہے جس سے کبھی امید تک نہیں تھی۔ بیمار افراد کو شفاءنصیب ہو گی ۔غیر متوقع پیسہ بھی ملے گا، بلاک رقم کی واپسی بھی ہو گی۔
برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست
اپنی نظر اتاریں، کوشش کریں کہ مسلسل سات یوم تک یہ سلسلہ جاری رہے، کیونکہ آپ کا خون بہت ہلکا ہے۔ ہر چھوٹی موٹی صدقے کی چیز بھی آپ پر اثر انداز ہو جاتی ہے۔صدقہ اور خیرات بہترین عمل ثابت ہوں گے ۔اپنی صحت کا خیال رکھیں، مکمل چیک اپ کروا کر تسلی کر لیں ۔اندرونِ خانہ کوئی مخالفت بھی کر رہا ہے۔ اپنی آنکھیں کھلی رکھیں گے تو وہ بندہ آپ کے سامنے بھی آ جائے گا، پھر اس سے بچ کر رہنا ہوگا۔
برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر
پچھلے کافی عرصے سے حالات کی جکڑ میں آئے ہوئے تھے، اللہ اللہ کر کے اب اس سے آزاد ہو رہے ہیں۔ صرف پانچ یوم اور انتظار کر لیں ،پھر سب کچھ ٹھیک ہوتا چلا جائے گا۔ اس ہفتے گھریلو حالات پر نظر رکھنے کا مشورہ ہے، خاص طور پر اولاد کا خانہ آپ کی توجہ مانگ رہا ہے ۔وہ قدرے اپنے راستے سے ہٹ کر چل رہی ہے ،آپ کی نگرانی بہت کچھ بدل کر رکھ سکتی ہے ،ابھی وقت ہے معاملے کو سنبھال لیں۔
برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر
مایوسی گناہ ہے ۔حالات اتنے بھی خراب نہیں کہ بات مایوسی تک پہنچ جائے ۔روحانی قوت اور محنت آپ کو تمام پریشانیوں سے نجات دلائے گی۔ جو راستہ کبھی بند ہو گیا تھا، وہ کھل جائے گا۔ ناجائز آمدن اور ناجائز کام سے دور رہیں، باقی سب معاملات اللہ پاک پر چھوڑ دیں، وہ سب کچھ اچھا کر دے گا۔ دن بدلنے لگنے ہیں اور جلد ہی آپ اپنے مقاصد میں کامیابیاں حاصل کر لیں گے۔
برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر
مالی طور پر زائچہ بہتری ظاہر کر رہا ہے ،مگر ذاتی غلطی والا خانہ بھی کھلا ہے ۔اب معلوم نہیں آپ سے کس جگہ مسلسل غلطی ہو رہی ہے جو سب کچھ ٹھیک ہونے کے باوجود بھی آپ کو فائدہ نہیں مل رہا ۔سچی توبہ کریں اور نماز کی طرف مکمل توجہ دیں۔ جب تک دل کے اندر ایک بھی سیاہ دھبہ باقی ہے، اس وقت تک آپ بہتری کی پوزیشن میں نہیں آ سکتے، اس لئے اپنے اندر کی مکمل طور پر صفائی کریں۔
برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر
کافی دنوں سے شور مچایا جا رہا ہے کہ ستارہ تبدیلی والی پوزیشن پر آ گیا ہے ،ہمت کر کے اس سے فائدہ اٹھالیں، زندگی میں بار بار ایسے مواقع نہیں ملتے۔ اس ہفتے اس سلسلے میں اٹھایا گیا قدم آپ کو کامیابی دے گا ،جس مقصد کے لئے بھی قدم اٹھائیں گے، وہ فائدہ مند ہوگا۔ کوئی دلی مراد بھی پوری ہو گی۔ خواہشمند افراد کی من پسند جگہ پر رشتے کی بات طے ہونے کا امکان ہے۔
برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری
ہجرت کریں، اس میں برکت ہے، آپ کو یہ جگہ زیادہ راس نہیں آ رہی۔ اپنے تمام معاملات کو چیک کریں، نئے سرے سے زندگی شروع کرنا ہو گی۔پچھلی تمام باتیں دماغ سے نکال دیں۔ ان دنوں آپ کی گھر پر ضرورت ہے۔ آپ نے اگر دل کے معاملات کو درمیان میں رکھا تو پھر آپ کا اللہ ہی حافظ ہے، ابھی وقت ہے واپسی کر لیں، بعد میں بہت دیر ہو جائے گی، وقت سدا ایسا نہیں رہتا۔
برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری
ستاروں کا بادشاہ مشتری آج کل آپ کے زائچے میں موجود ہے، اس کی آمد سے فائدے ہوتے ہیں۔اس میں عزت، دولت، شہرت کے حصول میں آسانیاں پیدا ہوتی ہیں اور پریشانیاں بھاگ جاتی ہیں۔ان تمام معاملات میں اگر بہتری نہیں آ رہی تو پھر آپ کو استخارہ کرنا ہوگا تاکہ اصل وجہ معلوم ہو سکے کہ آپ کس مقام پر بندش کا شکار ہیں، پھر اس کی اصلاح کر لیں، سب ٹھیک ہو جائے گا۔
برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ
بندش ٹوٹ گئی ہے ، اب آپ مکمل طور پر آزاد ہیں۔جو لوگ کسی بھی مشکل کا شکار تھے ،وہ بحکم خدا نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔روز گار سے لے کر صحت تک کے تمام مسائل قابو میں آنا شروع ہو جائیں گے ۔ایک پرانی خواہش پوری ہو گی۔ عرصہ دراز سے رشتے کے انتظار میں بیٹھے لوگوں کا رشتہ طے ہونے کا امکان ہے۔ایک طرف سے رقم بھی ہاتھ لگے گی۔کاروباری حالات بھی زبردست ہوں گے۔