برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

ان دنوں مالی معاملات کے حوالے سے آپ کو کافی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ آپ کی سمجھ میں نہیں آ رہا کہ کس طرف قدم اٹھایا جائے۔ لگتا ہے جیسے کسی بندش نما صورت حال کا شکار ہو گئے ہیں۔ استخارہ کریں اور حسب توفیق راشن کی صورت میں صدقہ بھی دیں۔ اس وقت اندرون خانہ مخالفت بھی چل رہی ہے، لوگ سامنے کچھ ہوتے ہیں، پیچھے کچھ اور۔ آپ اپنے دل کی بات کسی سے نہ کریں۔ چند روز خاموشی سے گزارنا ضروری ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

وراثت اور پراپرٹی وغیرہ کے معاملے میں کوئی اہم پیش رفت ہو سکتی ہے، برسوں سے اس سلسلے میں بلاک راستے اب کھل رہے ہیں، امید ہے ، جلد آپ کو اپنا حق مل جائے گا۔ آپ جیسی بھی مشکلات کا شکار ہیں، اب روزانہ کی بنیاد پر ان سے نکلنا شروع ہو جائیں گے اور ضرورتیں بھی بڑے شاندار انداز سے پوری ہوں گی۔ ان دنوں اس شخص سے فائدہ حاصل ہوگا، جس سے امید بھی نہیں تھی۔

 

 

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

اب راستے کھل رہے ہیں، آپ اس وقت ہر طرح کی بندش وغیرہ سے آزاد ہیں جو لوگ مخالفت کر رہے تھے، وہ اب خودبخود بھاگ جائیں گے اور مشکلیں آسانیوں میں بدل جائیں گی۔ اولاد کے حوالے سے لاحق پریشانی خاص طور پر ختم ہو جائے گی جن افراد کو رشتے کے معاملے میں رکاوٹوں کا سامنا تھا، وہ خوشخبری سن سکیں گے۔ اب حالات روز بروز آپ کے حق میں ہوتے چلے جائیں گے۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

اس وقت آپ کی صحت کا خانہ بہت کمزور ہے، آپ کو اپنا خیال بھی رکھنا ہے اور صدقہ بھی دینا ہے، اس کے علاوہ اپنوں میں سے بھی ان لوگوں سے دور ہونا ہے جو واضح طور پر مخالفت کرتے اور حسد کا شکار ہیں۔ آپ ان معاملات سے دور رہیں گے تو سکون میں رہیں گے۔ اس وقت روزگار پر توجہ دیں، یہ خانہ بہتر ہو رہا ہے۔ امید ہے تیزی سے بہتری آئے گی اور بلاک رقم بھی ہاتھ لگے گی۔

 

 

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

آپ جیسی بھی مشکل میں ہیں، اب اس سے نکلنے میں، ان شاءاللہ آپ کی قدرتی انداز میں مدد ہوگی اور آپ اس ہفتے اپنے اور بھی کئی معاملات میں آسانیاں محسوس کریں گے۔ مالی طورپر مضبوط ہوں گے اور کاروباری حوالے سے خاص طور پر اچھی خبریں آ سکیں گی۔ جو لوگ عرصہ دراز سے رشتے وغیرہ کی بندش کا شکار تھے، وہ اب اس سے نکلنے میں کامیاب ہوں گے، اب صورت حال کمال انداز سے بحکم اللہ ان کا ساتھ دے سکے گی۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

جن پر بھروسہ کیا جا رہا تھا، وہ دھوکا دے سکتے ہیں، آپ کو ان سے بچ کر چلنا ہوگا ،آپ کو کچھ اندازہ بھی ہے ۔ان دنوں آپ کو موقع ملے گا، اپنی زندگی کو نئے انداز سے شروع کرنے کا۔ آپ اس کو اپنے ہاتھ سے مت جانے دیں۔ آپ کی مشکلات بھی اس سے دور ہوں گی اور یاد رکھیں کہ اس وقت گھر میں جو کشیدگی ہے، اس کو غصے کے بجائے اپنی حکمت عملی سے کم کریں، ورنہ بات الٹی ہو جائے گی۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

آپ کے لئے جن معاملات میں بھی پریشانیاں آ رہی ہیں۔ وہ اب چند دنوں کی مہمان رہ گئی ہیں، آپ نے بڑے سخت وقت سے نکلنا ہے۔ اب ان تمام نقصانات کا ازالہ وصول کرنے کا وقت ہے۔ آپ کو اسی ہفتے اندازہ ہو جائے گا، جو رکاوٹیں تھیں، وہ اب آہستہ آہستہ دور ہوتی چلی جائیں گی۔ بس اپنوں سے دوری اور اختلافات والا خانہ کھلا ہوا ہے، اس معاملے میں احتیاط بے حد ضروری ہے۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

نظر بد لگتی ہے، ہر دوسرے دن کسی نہ کسی مشکل میں آ جاتے ہیں، ان حالات میں آپ (نعیم القادر اللہ) لکھ کر اپنے پاس رکھ لیں یا پھر انگوٹھی پر لکھوا کر اس کو پہن لیں۔ کئی مشکلات سے محفوظ ہو جائیں گے اور یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں، غصہ قابو میں رکھیں، یہ آپ کو دوسروں سے دور کر سکتا ہے ۔جن لوگوں نے نیا کام شروع کرنا ہے، وہ تھوڑا انتظار کر لیں۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

جو لوگ کسی بھی قسم کی الجھن کا شکار ہیں، وہ اپنے معاملات میں جو غلطیاں ہوئی ہیں، پہلے ان کی توبہ کریں اور آئندہ کے لئے اللہ سے وعدہ کریں کہ حقوق العباد کے حوالے سے غلطیاں نہیں کریں گے ،پھر نیت صاف رکھ کر قدم اٹھائیں، اللہ مہربانی فرمائے گا۔ سفر پر جانے کے خواہشمند تیاری کرلیں اور کاروباری حضرات کو اب بڑی اہم کامیابی ملے گی۔ بڑی رقم کا حصول ممکن ہو سکے گا اور شراکت داری میں اضافہ ہو وسکتا ہے۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

آپ کے لئے یہ ہفتہ تبدیلیوں کے حوالے سے اہم ہے، جس کا کافی دنوں سے انتظار کیا جا رہا تھا، اب وہ وقت شروع ہو چکا ہے۔ آپ جس بھی منصوبے کو عرصہ دراز سے ذہن میں تیار کرکے بیٹھے ہوئے تھے، وہ شروع ہو سکتا ہے۔ اس وقت اپنے آپ کو مالی طور پر مضبوط کرنے کا بہترین وقت ہے۔ آپ کے لئے اب ضروری ہے کہ اس سے فائدہ اٹھا لیں۔ اولاد کے حوالے سے بھی جاری ٹینشن کا خاتمہ ہوتا محسوس ہو رہا ہے۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

چند اہم اور پُرقوت ستاروں کی پوزیشن نے آپ کے بے شمار معاملات بحکم اللہ ٹھیک کر دیئے ہیں، اب روزانہ کے حساب سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں اور یہ غیبی انداز میں چل کر خودبخود آپ کے پاس آئے گا۔ حالات بتا رہے ہیں کہ اب روزگار کا نیا سلسلہ بھی شروع ہو سکتا ہے اور آپ کو کسی جانب سے آفر بھی آ سکتی ہے۔ ان دنوں رہائش کی تبدیلی اور نوکری میں تبادلے کا امکان بھی واضح نظر آتا محسوس ہو رہا ہے۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

آپ نے جن لوگوں کے درمیان زندگی گزاری ہے، اب وہ شائد آپ سے نجات چاہتے ہیں۔ کافی دنوں سے اندرون خانہ جو بات چل رہی تھی وہ کھل کر اب سامنے آ جائے گی۔ اس میں آپ کی پوزیشن کمزور ہے۔ عزت اسی میں ہے کہ آپ خود ہی پیچھے ہٹ جائیں، ورنہ دودھ میں سے مکھی کی طرح نکال کر آپ کو باہر پھینک دیا جائے گا۔ اس وقت آپ کا مناسب فیصلہ آنے والے وقت کا تعین کر سکے گا۔