”نائیک سیف علی شہیدکی قربانی کشمیر کے لیے عزم یاد کراتی رہے گی“ترجما ن پاک فوجراولپنڈی( آن لائن)ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید (نشان حیدر)کی بہادری ہمیشہ یاد رہے گی،ان کی قربانی کشمیر کے لیے عزم یاد کراتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ٹوئٹر “پرنائیک سیف علی جنجوعہ شہید کے یوم شہادت پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی بہادری ہمیں کشمیر سے ہماری وابستگی ہمیشہ کے لیے یاد دلائے گی۔ ان کا لافانی عمل ان لوگوں کے لئے ایک مثال پیش کر رہا ہے جو اس سرزمین کے تقدس کو بحال کرنے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں جس کے لئے اس نے اپنی جان دے دی،قوم اپنی قربانی کو پوجتی ہے۔خیال رہے نائیک سیف علی شہیددشمن کا بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے 26اکتوبر 1948کو پاک بھارت جنگ کے دوران میندرپونچھ کے مقام پر شہید ہوئے تھے۔ نائیک سیف علی شہید کی بہادری پر ان کو پاکستان کے سب سے بڑے فوجی اعزاز ”نشان حیدر“سے نوازاگیا۔1995میں آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر کی جانب سے شہید کو ”ہلال کشمیر “سے بھی نوازاگیا۔