اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ ، وزیراعظم کا ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل پر زورکشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، عمران خان کا اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ( 24 اکتوبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک بار پھر مسئلہ کشمیر کے حل پر زور دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے ، مقبوضہ کشمیر کے عوام حق خودارادیت کے لیے اقوام متحدہ کی طرف دیکھ رہے ہیں ، اس سلسلے میں عالمی قوانین اور معاہدے نظر انداز کر کے تجارتی رکاوٹیں پیدا کی گئیں ، تاہم پاکستان اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کرنے والوں کی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی تنازعات کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ بھی کوششیں جاری رکھی جائیں گی ، کیوں کہ مسئلہ کشمیر کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کا نامکمل ایجنڈا ہے اور 5 اگست کے بھارتی غیرقانونی قبضے کے بعد کشمیر میں صورتحال بدتر ہوتی جا رہی ہے۔اقوام متحدہ کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو کورونا کے باعث کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعدد ریاستوں کی آزادی کی حمایت اور انسانی حقوق کے لیے پاکستان کو اپنے کردار پر فخر ہے ، دنیا بھر میں قیام امن کے لیے جدوجہد کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ دوسری طرف پیپلز ڈیموکریٹک موومنٹ کی سربراہ اور سابق وزیراعلیٰ مقبوضہ کشمیر محبوبہ مفتی نے پریس کانفرنس کے دوران بھارتی ترنگا رکھنے سے انکار کر دیا ، بین الاقوامی میڈیا ذرائع کے مطابق پریس کانفرنس میں محبوبہ مفتی کی جانب سے بھارتی ترنگا نہ رکھنے پر بھارتی میڈیا نے شدید احتجاج کیا ، تاہم محبوبہ مفتی کا بھارتی پرچم کانفرنس میں رکھنے سے انکار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک کشمیر کے پرچم کی حیثیت بحال نہیں ہو جاتی تب تک بھارتی ترنگا بھی قبول نہیں کریں گے ، رات کے اندھیرے میں ڈاکوؤں نے کشمیر کا قومی پرچم چھین لیا ہے ، بھارتی ترنگے سے ہمارا تعلق مقبوضہ کشمیر کے پرچم کی وجہ سے تھا جو مقبوضہ کشمیر کو خصوصی حیثیت دینے والے آرٹیکل 370 کے خاتمے کے ساتھ ہی ختم ہو چکا ہے ۔