نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) خواب سچے ہوتے ہیں یا جھوٹے، اس پر بہت لے دے ہوتی رہتی ہے لیکن اب سائنسدانوں نے خوابوں کے متعلق ایک ایسا حیران کن دعویٰ کر دیا ہے کہ سن کر یقین کرنا مشکل ہو جائے۔ میل آن لائن کے مطابق نئی تحقیق کے نتائج میں سائنسدانوں نے بتایا ہے کہ ہم لوگ ہر رات اوسطاً ساڑھے 6گھنٹے خواب دیکھتے ہیں اور ان خوابوں کا مقصد اپنی الجھی گتھیاں سلجھانا اور حتیٰ کہ مستقبل کو دیکھنا ہوتا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کی رکن مینڈی نکولسن کا کہنا تھا کہ ”خواب ہماری زندگی بدل سکتے ہیں۔ ہم خواب میں اپنی مشکلات حل کر سکتے ہیں اور مستقبل کے بارے میں پیش گوئیاں کر سکتے ہیں۔“ اس تحقیق میں امریکی سائنسدانوں نے سینکڑوں لوگوں کو آنے والے خواب اور ان کی زندگی کے حالات و واقعات کا تجزیہ کرکے نتائج مرتب کیے ہیں۔تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ اور ہارورڈ میڈیکل سکول کے پروفیسر رابرٹ سٹک گولڈ کا کہنا ہے کہ ”ہمار ا’سونے والا دماغ‘ ان مسائل پر غوروفکر کرنے کی کمال صلاحیت رکھتا ہے جو ہمیں جاگتے ہوئے درپیش آتے ہیں۔
خواب میں ہم روزمرہ میں پیش آنے والے واقعات بھی دیکھتے ہیں اور ہم سب سے زیادہ اسی قسم کے خواب دیکھتے ہیں تاہم ہمیں کچھ خواب ایسے بھی آتے ہیں جن میں ہم مستقبل کے واقعات بھی دیکھتے ہیں جو ابھی ہماری زندگیوں میں ہونا ہوتے ہیں۔“