نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) ازدواجی رشتے میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ محبت کہیں ماند پڑ جاتی ہے تاہم اب ماہرین نے کچھ ایسے طریقے بتا دیئے ہیں کہ جن پر عمل پیرا ہو کر میاں بیوی اپنے رشتے میں محبت کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آپ کا ازدواجی تعلق پھیکا پڑ چکا ہے تو یہ آپ کی اور آپ کے شریک حیات کی غلطی ہے۔ اگر آپ اپنے رشتے پر توجہ دیں تو اس میں خوشگواریت لانا چنداں مشکل نہیں ہے۔
اس مقصد کے لیے آپ اپنے شریک حیات کو ”سرپرائز گفٹ“دیجیے۔ اسے باہر کھانے پر لیجائیے جو میاں بیوی کا باہر جا کر ایک ساتھ کھانا کھانا نہیں بلکہ ایک ’ڈیٹ‘ ہونی چاہیے۔آپ اپنے شریک حیات کو موبائل فون پر رومانوی پیغامات بھیجئے۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ مل کر کچھ نیا کرنے سے بھی رشتہ میں خوشگواریت اور ایک دوسرے میں دلچسپی بڑھتی ہے اور محبت برقرار رہتی ہے۔ ایک ساتھ سیروسیاحت پر جائیے اور باہمی دلچسپی کے کام مل کر کیجیے۔ اگر آپ مل کر کوئی نئی چیز سیکھتے ہیں تو اس سے بھی آپ کے رشتے پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ماہرین کا کہنا تھا کہ ازدواجی تعلق میں محبت کے کم یا ختم ہو جانے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ لوگ وقت کے ساتھ ساتھ ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کم یا یکسر ترک کر دیتے ہیں۔ اپنے شریک حیات سے متعلق اپنے جذبات اور احساسات کو الفاظ دیجیے اور اپنے شریک حیات کے سامنے ان کا اظہار کیجیے۔
کچھ مقاصد متعین کیجیے اور مل کر ان کے حصول کے لیے جدوجہد کیجیے۔ اس کی ایک مثال بچت کرنا اور رقم جمع کرنا بھی ہو سکتی ہے۔میاں بیوی اگر مل کر بچت کا ایک ہدف متعین کریں او رمل کر اسے پورا کرنے کی سعی کریں تو اس سے ان کے رشتے پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ اس کے علاوہ میاں بیوی کا ایک دوسرے کو پرجوش طریقے سے ملنا بھی ان کے درمیان محبت کا سبب بنتا ہے۔ اگر آپ باہر سے آئے ہیں تو چند لمحوں کے لیے تھکاوٹ اور اکتاہٹ کو ایک طرف رکھ کر اپنے گھر میں موجود شریک حیات سے پرجوش ہو کر ملیے۔ اگر آپ خوشی کے ساتھ اپنے شریک حیات سے ملیں گے تو یہ خوشی آپ کو اپنے ازدواجی تعلق میں نظر آئے گی۔“