برج حمل ، سیارہ مریخ، 21 مارچ سے 20 اپریل

بدنظری کی کیفیت ابھی موجود ہے، صدقے کا عمل جاری رکھیں اور بعد نماز فجر 41 بار سورئہ فاتحہ پڑھ لیں، چند دن کے عمل سے آپ مکمل طور پر آزاد ہو جائیں گے۔ یہ ہفتہ قانونی معاملات میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لئے شاندار ہے، وہ رہائی حاصل کر سکیں گے ،اگر مقدمے بازی ہے تو جیت جائیں گے۔ اولاد کے حوالے سے بھی کوئی اہم خوشخبری ملنے کی امید دکھائی دیتی ہے، من پسند جگہ رشتہ طے ہو سکتا ہے۔

برج ثور، سیارہ زہرہ، 21 اپریل سے 20 مئی

انجانی بندش نے آپ کو اپنے شکنجے میں لیا ہوا ہے، آپ ہر نماز کے ساتھ ”یا سلام یا مومن یا اللہ“ کی ایک تسبیح ضرور کر لیا کریں، بہترین عمل ہے، ان شاءاللہ ضرور فائدہ دے گا۔ ان دنوں رزق کے حصول میں دشواریوں کا سامنا ہے اور پیسوں کی قلت کا بھی احساس ہو رہا ہوگا صبر سے کام لیں، اللہ پاک پر توکل رکھیں، ان شاءاللہ جلد ہی آپ کی مشکل کا حل نکل آئے گا۔

برج جوزہ، سیارہ عطارد، 21 مئی سے 20 جون

آپ جس سختی میں آئے ہوئے تھے اس میں سے آج ہی بحکم خدا نکل جائیں گے، اس میں سب سے بڑا خطرہ عزت کے معاملے کا تھا جو اب بہتر ہوگا۔ عزت ، دولت ،شہرت کا حصول ممکن ہوگا، روز گار کے معاملے میں اب کوئی اہم پیش رفت ہونے والی ہے، تھوڑا انتظار کر لیں، سب اچھا ہوگا، ان شاءاللہ، یاری دوستی کے معاملے میں محتاط رہیں ،اسے گھر سے باہر ہی رکھیں۔

برج سرطان، سیارہ چاند، 21 جون سے 20 جولائی

آنے والے دن اچھے ہیں ،آپ کو بحکم خدا آسانیاں ملیں گی، اولاد کے حوالے سے اہم خبر ملے گی، آج سے عطارد زائچے میں آ رہا ہے جو رزق کے حصول میں آسانیاں پیدا کرتا ہے اور اس کے لئے غیر متوقع سلسلے بھی بناتا ہے، جہاں رقم پھنسی ہوئی تھی، وہ بھی واپس ملنے کا امکان ہے ،روز گار کا بند دروازہ اب کھل جائے گا جس کی آپ کو خبر بھی نہیں تھی ،خواہش مند افراد کا رشتہ طے ہو سکے گا، ان شاءاللہ۔

برج اسد، سیارہ شمس، 21 جولائی سے 21 اگست

نحوست اور بدنظری کے خاتمے میں چند روز باقی ہیں، آپ کی پریشانی عارضی ہے ،اللہ پاک نے چاہا تو اگلے دو تین دن میں آپ کے مسئلے حل ہو جائیں گے ،کسی بھی معاملے کو دل سے نہ لگائیں، وہ بڑا بے نیاز ہے، خود ہی اس کے اسباب پیدا کر دے گا۔ زائچہ تو بڑی اچھی پوزیشن پر ہے، یہ پوزیشن چاروں طرف سے انسان کے لئے فائدہ بند ہوتی ہے صبر، حوصلے اور نماز کی مدد سے کام لیں، باوضو رہنے کی کوشش کریں۔

برج سنبلہ ، سیارہ عطارد، 22 اگست سے 22 ستمبر

اپنے اندر اندر مخالف ہو رہے ہیں ،ان حالات میں صرف خاموشی بہتر ہے ، اپنے آپ کو خدا کے سپرد کر دیں، وہی بہتر کار ساز ہے،سب ٹھیک کر دے گا، اگر خود اپنی کوشش میں لگے رہے تو ناکامی مقدر بن جائے گی، ایک ماہ تک موجودہ پوزیشن برقرار رہے گی، اس کے بعد ہی مخالفتوں کا سلسلہ ختم ہوگا، نوکری میں تبدیلی والا ستارہ چمک رہا ہے، اس وقت تبدیلی کا چانس موجود ہے، جو اچھا رہے گا۔

برج میزان ، سیارہ زہرہ، 23 ستمبر سے 22 اکتوبر

یہ ہفتہ اچھا ہے، آپ کو مالی فائدہ بھی دے گا اور جس مسئلے کی وجہ سے پریشانی تھی، وہ بھی حل ہوگا ۔اب امید ہے وہ سب کچھ ملے گا جس کی خواہش تھی۔ اولاد کے حوالے سے اہم خوشخبری ملے گی مگر اب ان کے بغیر رہنے کی عادت بھی ڈالیں، وہ سمجھدار اور اپنی مرضی کی مالک ہے، پراپرٹی اور تقسیم کے مراحل میں امید ہے کہ آپ کے ہاتھ کافی کچھ آ جائے گا، فکر نہ کریں۔

برج عقرب ، سیارہ مریخ، 23 اکتوبر سے 22 نومبر

نحوست ختم ہو گئی ہے، آپ ہر قسم کی بندش سے آزاد ہیں امید ہے کہ اب جاری مشکلات کا خاتمہ ہوگا اور آہستہ آہستہ اس میں سے نکلنے میں کامیاب ہو جائیں گے، یہ ہفتہ جہاں روز گار میں آسانیاں دے گا، وہاں گھریلو ماحول میں کشیدگی کو بھی کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا ،جو لوگ قانونی جھگڑے میں پھنسے ہیں، آزاد ہوں گے، ناراض لوگوں سے دوبارہ صلح کی امید بھی ہے، جیل میں بند رہا ہوں گے۔

برج قوس ، سیارہ مشتری، 23 نومبر سے 20 دسمبر

صحت کا مسئلہ تھوڑا سا خراب ہے، اس پر توجہ دیں، طے شدہ رشتے میں جو خرابیاں تھیں، وہ دور ہوں گی، جو لوگ اس میں سازش کرنےکی کوشش کر رہے ہیں وہ بے نقاب ہونگے، ان دنوں کسی قسم کی بندش یا کسی چیز کا اثر نہیں ہے ،اگر کچھ ہے بھی تو صرف آپ کو وہم ہے، آپ بے فکر ہو کر اپنے کام میں لگ جائیں، قدرتی وسائل آپ کو ملتے رہیں گے، مگر ان کا ذکر کسی سے نہ کریں ،ورنہ فائدہ نہیں ہوگا۔

برج جدی ، سیارہ زحل، 21 دسمبر سے 19 جنوری

آپ کے کئی معاملات خراب ہیں، جتنی جلدی ممکن ہو ،ان کو درست کر لیں، ان دنوں آپ پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔ آپ کی ہر چیز چیک ہو رہی ہے ،اپنی تمام سرگرمیاں محدود کر لیں، ورنہ پکڑ میں آ جائیں گے۔ اولاد پر بھی توجہ دیں، ہاتھوں سے نکل رہی ہے۔ گھریلو ماحول میں دلچسپی ضروری ہے، آپ دل کے معاملات پر توجہ زیادہ دیتے ہیں جس میں شدید رسوائی کا اندیشہ موجود ہے۔

برج دلو ، سیارہ زحل، 20 جنوری سے 18 فروری

یہ ہفتہ تھوڑا سا آزمائشی ہے ،آپ کو تنک کر سکتا ہے، بہتر ہے کہ اس کے آغاز سے ہی آپ صدقے کا سہارا لے لیں، بلا وجہ ٹینشن کی خبریں مل سکتی ہیں، کسی کی وجہ سے مشکل آ سکتی ہے، اپنی اور گھر والوں کی بیماری کا اندیشہ بھی رہے گا۔ صبح و شام تین مرتبہ اول و آخر درود پاک کے ساتھ سورئہ کوثر اور سورئہ حشر کی آخری تین آیات کی تلاوت بلا ناغہ کریں، نماز کے ساتھ اپنے اعمال کی درستگی پر بھی غور کریں۔

برج حوت ، سیارہ مشتری، 19 فروری سے 20 مارچ

کوئی ایسا کام ہونے جا رہا ہے جو عرصہ دراز سے سردرد بنا ہوا تھا، جو بیمار تھے، بحکم خدا صحت یاب ہونگے، گھر میں جس نحوست نے قبضہ کیا ہوا تھا وہ دور ہو جائےگی، اپنے دوبارہ آ ملیں گے، منہ زور اولاد پر آپ روزانہ 21 بار ”یا شہید“ پڑھ کر پھونک دیا کریں جن کا رشتہ نہیں آ رہا، وہ روزانہ ایک عدد لیموں لےکر اپنے اوپر سات بار وار کر چوک میں کھڑے ہو کر چاروں طرف ایک ایک پیس پھینک دیا کریں، مسلسل سات یوم کا عمل ہے، کام ہو جائےگا، ان شاءاللہ۔