لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکار نعمان اعجاز نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ اس قدر چالاک ہیں کہ ’کبھی پکڑے نہیں گئے۔‘ تاہم گلوکار و اداکار احمد علی بٹ شاید نعمان اعجاز جتنے چالاک نہیں ہیں کہ انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں تہلکہ خیز اعتراف کر لیا ہے کہ ان کی اہلیہ انہیں دوبار رنگے ہاتھوں پکڑ چکی ہیں۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق معروف اداکاروٹی وی میزبان واسع چوہدری نے احمد علی بٹ کو میسج کے ذریعے اپنی بیوی کے ساتھ فلرٹ کرنے کو کہا۔
میزبان کے کہنے پر احمد علی بٹ نے اپنی اہلیہ کو میسج کر دیا لیکن ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا جس پر احمد علی بٹ ہنس دیئے اور کہا کہ ”وہ جانتی ہے کہ میں اس شو میں ہوں، لہٰذا اس نے میسج نظرانداز کر دیا ہے۔“ اس کے بعد احمد علی بٹ نے کہا کہ ”وہ جانتی ہے کہ میں اسے عام طور پر اس طرح کے میسج نہیں بھیجتا۔وہ اکثر مجھے پکڑ لیتی ہے۔ میں دو بار رنگے ہاتھوں پکڑا جا چکا ہوں۔“ یہ سن کر سب بھونچکا رہ جاتے ہیں اور واسع چوہدری پوچھتے ہیں کہ کیا کرتے ہوئے پکڑے گئے تھے؟ اس پر احمد علی بٹ کہتے ہیں کہ ”یہ میں نہیں بتاﺅں گا۔“بعد ازاں احمد علی بٹ نے بتادیا کہ ”میرے فون میں کچھ پرانے میسجز تھے جو میری بیوی نے دیکھ لیے تھے۔“واضح رہے کہ احمد علی بٹ اور ان کی اہلیہ فاطمہ خان کی شادی کو 7سال ہو چکے ہیں اور وہ ایک دوسرے کو گزشتہ 20سال سے جانتے ہیں۔